حیدرآباد۔15مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کنگس الیون پنجاب کے خلاف نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کے وکٹ کیپر بیٹسمین نمن اوجھا نے 36گیندوں میں 79رنز اسکور کئے ہیں اور وہ کسی مقام پر آئندہ بھی بیٹنگ کرنے کے خواہاں ہیں۔ گذشتہ رات بہتر مظاہرہ اور 200سے زائد رنز اسکور کرنے کے باوجود میزبان ٹیم سن رائیزرس حیدرآباد کو پنجاب کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی لیکن نمبر تین پر اوجھا نے بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔ اپنے مظاہرہ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے اوجھا نے کہا کہ وہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنا پسند کریں گے کیونکہ وہ اس مقام پر ٹیم کی اننگز کو مستحکم کرنے کے علاوہ تیز رفتار بیٹنگ کرنے کی ذمہ داری سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔
اوجھا کا کہنا ہے کہ جب کبھی وہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں تو ان کے لئے تیزی کے ساتھ رنز بنانا اور ٹیم کو بہتر موقف میں لے جانا کسی قسم مشکل ہوتا ہے ۔ اوجھا نے کہا کہ آخری اوورس میں بولرس اپنی گیندیں زیادہ سے زیادہ بلاک ہول میں ڈالتے ہیں جس سے بیٹسمینوں کو بڑے اسٹروکس لگانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے برعکس مقابلہ کے ابتدائی اوورس میں رنز آسانی سے بنائے جاتے ہیں ۔ بہتر مظاہرہ کے باوجود پنجاب نے شاندار طریقہ سے کامیابی حاصل کی جس پر اظہار خیال کرتے ہوئے حیدرآبادی ٹیم کے بیٹسمین نے کہاکہ انہوں نے اپنے بیٹنگ مظاہرہ سے لطف اٹھایا ہے تاہم اگر نتیجہ ٹیم کے حق میں ہوتا تو خوشی دوگنی ہوتی۔اوجھا کے بموجب ٹیم کے کوچ ٹام موڈی نے ان سے کہا کہ وہ جہاں تک ممکن ہوسکے اپنا فطری کھیل کا مظاہرہ کریں اور بے خوف ہوکر بیٹنگ کریں ۔