نیویارک۔28اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی امریکہ کی سیرینا ولیمس نے سیزن کے چوتھے اور آخری گرنڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں کامیاب آغاز کرتے ہوئے آسان کامیابی کے ساتھ دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی جبکہ ان کی بڑی بہن ولیمس نے سابق چمپئن سویتلانا کزنیسووا کو سخت مقابلے میں شکست دیکر باہر کا راستہ دکھایا لیکن خاتون زمرے میں سب سے حیران کن نتیجہ عالمی نمبرایک رومانیہ کی سمیونا ہالیپ کی شکست رہی ۔سال کے چوتھے گرانڈ سلام یو ایس اوپن کا آغاز ہوتے ہی حیران کن نتیجہ دیکھنے میں آیا جب ایسٹونیا کی کائیا کنیپی نے رومانیہ کی نمبر ایک سیمونا ہالیپ کوپہلے مرحلے میں ہی 6-2 اور 6-4 سے شکست دی۔ سیرینا نے اپنے کریئر کے 24 ویںگرانڈ سلام کے حصول کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے خاتون سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں میگدا لنیٹ کو 6۔4، 6۔0 سے شکست دی۔ یو ایس اوپن میں میدان پر پہنچی اسٹارکھلاڑی سیرینا کا گھریلو شائقین نے بہترین استقبال کیا۔ چھ مرتبہ کی چمپئن سیرینا اپنے پہلے بچے کی ولادت کے بعد یہاں کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے جیت حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یہاں واپس آکر پر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے ۔ یہ احساس مجھے صرف نیویارک میں ہی محسوس ہوسکتا ہے ۔سیریناکی بڑی بہن اور سات مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن وینس نے سویتلانا کو 6۔3، 5۔7، 6۔3 سے شکست دی۔دریں اثناء سابق چمپئن ایک اورامریکی کھلاڑی سلوئن اسٹیفنس نے روس کی اویزینا روڈینا کو 6۔1، 7۔5 سے شکست دی۔کھیل کے افتتاح دن کے دیگر مقابلوں میں ساتویں سیڈ اسپین کی گربائن مگوروزا نے چین کی جھانگ شوائی کو 6۔3، 6۔0 سے شکست دی۔ دو مرتبہ کی گرانڈ سلام فاتح اور موجودہ وقت میں دنیا کی 80 ویں رینک کی وکٹوریہ ازارینکا نے وکٹوریہ کُزمووا کو 6۔3، 7۔5 سے مات دی۔ وہ اگلے دور میں آسٹریلیا کی ڈاریا گیوریلووا سے مقابلے کریں گی جنہوں نے سارا سوریبیس کو راست سٹوں میں 6۔0، 6۔0 سے مات دی ۔مردزمرے کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو پہلے مرحلے کا عبور کرنے کا موقع ا س وقت ملا جب انکے حریف ڈیوڈفرر نے پہلے سٹ میں ناکامی کے بعد مقابلے سے دستبرداری اختیار کی۔سابق چمپئین ڈیل پوٹرو بھی کامیاب ہوئے ۔