نمایاں کامیابی موجودہ دور کا اہم تعلیمی تقاضہ

ورنگل میں دسویں جماعت کے ٹاپرس کی تہنیتی تقریب سے خالد محمود کا خطاب
ورنگل۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلباء اپنی سوچ اور ارادوں کو بلند رکھیں، اونچے خواب دیکھیں اور روشن مستقبل کی تمنا رکھیں۔ ان امور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے خود اعتمادی کے ساتھ، سخت محنت کے ساتھ اور جستجو کے ساتھ آگے بڑھیں۔ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ موجودہ دور میں کامیابی حاصل کرنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ نمایاں کامیابی موجودہ دور کا اہم تعلیمی تقاضہ ہے۔ ان حقائق کا اظہار جناب خالد محمود ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم چنتل ورنگل نے مدرسہ ہذا کے دسویں جماعت کے ٹاپرس کے اعزاز میں27جون بروز ہفتہ منعقدہ تہنیتی تقریب برائے دسویں جماعت ٹاپرس تعلیمی سال 2014-15 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موجودہ دسویں جماعت کے بیاچ کے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ٹاپرس کو اپنا آئیڈیل بنائیں اور سخت محنت سے اے گریڈ حاصل کریں۔ گزشتہ تعلیمی سال کے مدرسہ ہذا کے ٹاپرس عشرت سلطانہ، نزہت آراء، زیبا ناز اور شائستہ کوثر کو فی کس 2500روپئے کا انعام دیا گیا اور تہنیت پیش کی گئی۔ اس تقریب کو مدرسہ ہذا کے مقررین، اساتذہ جناب محمد اسمعیل، جناب محمد نفیس احمد خان، جناب محمد عبدالستار، جناب محمد شرف الدین محمودی، جناب محمد محمود ، محترمہ بلقیس ٹیچر، جناب محمد سالار اور ہیڈ ماسٹر مدرسہ ہذا نے خطاب کیا اور مشترکہ خطاب میں ٹاپرس کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔جلسہ کی کارروائی محمد عبدالستار نے چلائی اور اظہار تشکر جناب محمد شرف الدین محمودی نے ادا کیا۔