نماز عید کے موقع پر کشمیر ریلیف فنڈ کی وصولی

عادل آباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد جامع مسجد انتظامی کمیٹی صدر مسٹر سید معز الدین کی اطلاع کے مطابق مستقر عادل آباد کے میدان عیدگاہ میں نماز عیدالاضحی 8:30 بجے مولانا ظہیر امام و خطیب جامع مسجد پڑھائیں گے جبکہ جامعمسجد میں نماز عیدالاضحی 9بجے مولانا عبدالرؤف محلہ شاد نگر امام پڑھائیں گے۔ مسجد عثمانیہ انتظامی کمیٹی کی اطلاع کے بموجب مسجد عثمانیہ ( ریلوے گیٹ ) میں نماز عیدالاضحی 7:30 بجے ہوگی۔ مولانا محمد اسلام الدین امام و خطیب مسجد عثمانیہ نماز پڑھائیں گے۔ بعد ازاں حلقہ مسجد عثمانیہ کے تحت قربانی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کی خاطر مسجد فاروق اعظم زائد ڈالڈا کمپنی، مسجد منٰی گاندھی نگر، مسجد الہیہ اندرا نگر، مسجد منور، گھڑیال گھر اور مسجد عثمانیہ ریلوے گیٹ کمیٹی و نوجوانوں کے زیر اہتمام حصص قربانی کا نظم رکھتے ہوئے فی حصہ 2000/- روپئے رکھا گیا ہے۔ حصص قربانی کے نظم میں مستقر عادل آباد کے بیشتر محلہ جات کے افراد حصہ لیتے ہوئے جہاں ایک طرف قربانی ادا کررہے ہیں وہیں دوسری طرف اس سے ہونے والی آمدنی کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ افراد کو فراہم کرنے میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ مقامی افراد اور نوجوانوں کی جانب سے میدان عیدگاہ میں نماز عید کے موقع پر حلقہ مسجد عثمانیہ کے تحت کشمیر ریلیف فنڈ بھی جمع کیا جارہا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔