اُردو مسکن خلوت میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا سمینار
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( راست ) : اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب محمد ﷺ کو نماز کا عظیم تحفہ عنایت فرمایا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اور اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں حکم فرمایا کہ نماز اور صبر کے ذریعہ مدد مانگو ۔ نماز کو خشوع و خضوع سے ادا کرنے کیلئے وضو کا صحیح ہونا لازم ہے ۔ جس طرح ایک انسان جسم اور روح کا مجموعہ ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کیلئے جسم اور روح کے ذریعہ تخلیق فرمائی ۔ جو کوئی مسلمان وضو اور نماز کے روح و جسم سے واقف ہوجائے وہ اپنی نماز کی فضیلت اور حقیقت کو پہچان سکتا ہے ۔ جو لوگ نماز کی ادائیگی میں کوتاہی کرتے ہیں یا پھر نماز کو خشوع و خضوع سے ادا نہیں کرسکتے ہیں وہ صرف نماز ادا کرتے ہیں قائم نہیں کرتے ۔ کیونکہ قرآن مجید میں حکم ہے کہ نماز قائم کرو ۔ اور نماز قائم تب ہی ہوسکتی ہے جب نماز کی جسم اور روح دونوں ہی کامل ہوں ۔ نماز کی ادائیگی کیلئے سب سے پہلے تجوید کا سیکھنا ضروری ہے تاکہ صحیح انداز میں قرآنی آیت کا تلفظ ادا کرسکیں اور نماز میں پڑھی جانے والی سورتوں ، دعاؤں کے ترجمہ سے بھی واقف رہنا کامیاب نماز کیلئے ضروری ہے تب ہی آپ نماز کی حقیقت کو پہنچ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہا ر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام سیمنار بعنوان ’’ تحفظ عقائد اہل سنت ‘ ‘ بتاریخ 8/ مارچ بروز اتوار اُردو مسکن ، خلوت میں QTv کے معروف عالم دین حضرت العلامہ مولانا پیرمحمد ثاقب بن اقبال شامی (بانی تنظیم کنز الہدیٰ انٹرنیشنل برمگھم لندن، امیر تحریک اہل سنت برطانیہ ، معزز ممبرسیویلٹی بورڈآف اسکالرس لندن ‘ ) نے ہزاروں کی تعداد میں موجود مرد و خواتین سے کیا ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے علماء و مشائخین کا استقبال کیا ۔ سمینار کا آغاز حافظ و قاری ملک محمد اسمٰعیل علی خاں قادری ملتانی کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ڈاکٹر محمد عظمت رسول نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ سمینار کی صدارت مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی المعروف وقارپاشاہ نے فرمائی ، نگرانی مولانا سید محمد شاہ ملتانی قادری کی۔۔