ظہیرآباد۔13 مئی (راست) جماعت اسلامی ہند گزشتہ 65 سال سے اقامت دین کا کام کررہی ہے۔ امت مسلمہ کو اس کی منصبی ذمہ داریوں کو یاد دلاتی ہے۔ تحریکی شعور کو بیدار کرنے کا کام کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد ریاض الدین ناظم جماعت اسلامی ہند ضلع میدک نے ظہیرآباد کے مسلم شادی خانہ میں منعقدہ سہ ماہی تربیتی و تنظیمی کیڈرمیٹ کے شرکاء سے کیا اور مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے کارکنوں کا بہترین انداز میں تزکیہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور ملک کے برادران وطن کے غلط فہمیوں کا ازالہ کرتی ہے اور دعوت دین پیش کرتی ہے۔ اس پروگرام کا آغاز جناب میر ظفر اللہ طاہر معاون ناظم ضلع میدک کے درس قرآن کے ذریعہ ہوا۔ امیر مقامی شہر ظہیرآباد جناب محمد رفیع الدین نے افتتاحی کلمات ادا کئے۔ ’’اُمت مسلمہ کی منصبی ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر برادر اطہر حسین نے تقریر کی۔ ’’تحریک اسلامی کا مطلوبہ صالح انقلاب‘‘ کے عنوان پر برادر محمد قیصر غوری نے تقریر پیش کی۔ ’’تحریکی شعور‘‘ کے عنوان پر محمد بختیار حسین نے تقریر پیش کی۔ بعدازاں اوپن ڈسکشن دعوتی پہلو پر رفقاء نے پیش کیا اور سوالات کے جواب دیئے گئے اور سیاست کو گندی چیز کہنے پر اس کی صفائی کے لئے کام کرنے کا بیڑا اٹھایا گیا اور نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور خدمت خلق کے جذبہ کو ابھارنے کی کوشش کی گئی اور نمازوں کی پابندی کی تلقین کی گئی اور دعا کے ذریعہ پروگرام کا اختتام عمل میں لایا گیا۔ جناب محمد معین الدین نے اظہار تشکر پیش کیا جس میں مرد و خواتین، جی آئی او، آئی وائی ایم کے نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک رہی۔