نمائش میں آگ کے بعد عوام میں دہشت و افراتفری

حیدرآباد۔/30جنوری، ( سیاست نیوز)کُل ہند صنعتی نمائش 2019 کا مشاہدہ کرنے کیلئے چہارشنبہ کو 35000 افراد پہنچے تھے۔ 8-35 بجے شب آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع فائر کنٹرول روم کو پہنچی اور مقامی پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ اندرون چند منٹ آگ نے 250 اسٹالس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ آگ لگنے کے فوری بعد سنٹرل زون پولیس نے اپنی توجہ نمائش میں موجود افراد پر مرکوز کرتے ہوئے بالخصوص خواتین اور بچوں کو وہاں سے فوری تخلیہ کرادیا۔ نمائش سوسائٹی کے لاؤڈ اسپیکر سسٹم کے ذریعہ مسلسل اعلان کیا جارہا تھا اور نمائش میں موجود عوام کو فوری نمائش میدان چھوڑ دینے کی اپیل کی جارہی تھی۔ اس واقعہ کے بعد عوام بالخصوص خواتین اور بچوں میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی اور ایسے کئی مناظر دیکھے گئے جس میں خواتین اپنے بچوں کو لیکر باہر نکل رہے تھے۔
l مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں تقریباً 17 افراد دھوئیں کی زد میں آنے کے سبب متاثر ہوگئے۔ گولی گوڑہ فائر اسٹیشن سے وابستہ فائر آفیسر راجکمار جنہوں نے پہلے جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرہ اسٹال پر لگی ہوئی آگ کو قابو میں کرنے کی کوشش کی اچانک دھوئیں کی زد میں آکر بے ہوش ہوگئے۔ راجکمار کو فوری معظم جاہی مارکٹ کیر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس حادثہ میں اسٹال کے مالک دلاور حسین بھی دھوئیں کی زد میں آگئے اور انہیں بھی اسی دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ دونوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔معمولی طور پر متاثر ہونے والے 15افراد کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا اور وہاں پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا۔
آگ لگنے کے واقعہ میںجموں کشمیر، احمد آباد( گجرات )، بہار ، بھاگلپور ، اتر پردیش کے ملبوسات اور ڈرائی فروٹس اور چمڑے کی اشیاء کے اسٹالس مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔
نمائش میدان میں موجودفائرانجن ناکارہ ثابت ہواجس میں پانی موجود نہیں تھا جس کے نتیجہ میں محکمہ فائر نے دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے 19 فار انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کیا اور آگ پر قابو پانے کیلئے استعمال کیا۔
عوام مسلسل فائر کنٹرول روم سے فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کررہی تھی لیکن انہیں اطمینان بخش جواب نہیں ملا۔
نمائش میدان میں پانی کی قلت ہونے کے نتیجہ میں خانگی کمپنیوں کے واٹر ٹینکرس اور حیدرآباد واٹر ورکس کے واٹر ٹینکرس کے ذریعہ فائر انجنوں میں پانی بھرا گیا۔
پولیس نے پہلے نمائش کے تمام فوکس لائیٹس بند کردیئے۔
ایکزبیشن سوسائٹی نے محکمہ فائر کو جاریہ سال ان کی خدمات حاصل کرنے کیلئے 20 لاکھ روپئے حوالے کئے تھے۔سوسائٹی کے ذرائع نے بتایا کہ فائر انجن عملے کی لاپرواہی کے نتیجہ میں نمائش کومکمل طور پر نقصان پہنچا۔
آگ لگنے کے بعد چاٹ بھنڈار کا سلنڈر پھٹ پڑا
نمائش میں آگ لگنے کے بعد چاٹ بھنڈار کا گیس سلنڈر دھماکہ سے پھٹ پڑا ۔ اس سے عوام میں مزید دہشت پھیل گئی ۔ لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ آگ پر تیل کا کام کرنے والے اس سلنڈر دھماکہ سے مزید نقصان ہونے کی اطلاع ہے۔ اس واقعہ کے فوری بعد فائر انجن عملہ نے نمائش کے تمام فوڈ اسٹالس سے گیس سلنڈرس ہٹا لئے۔
کئی نوجوان سیلفی لے رہے تھے
آگ کا مشاہدہ کرنے کیلئے جمع ہونے والے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہلکی طاقت کااستعمال کرتے ہوئے وہاں سے چلے جانے کی ہدایت دی۔ لوگ اس سانحہ کے بعد وہاں سے بچ نکلنے کی کوشش کرنے کے بجائے آگ کے سامنے کھڑے ہوکر اپنے سیل فون سے سیلفی لیتے ہوئے دیکھے گئے۔ کئی نوجوانوں کو جبراً پولیس آگ کے مقام سے ہٹا دیا۔