نلہ ملہ علاقوں میںماؤسٹ وکرم کی تلاش میں پولیس سرگرم

محبوب نگر ۔ 24 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈی ناگیندر کمار نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو شدت سے مطلوب ماؤسٹ وکرم کی تلاش کیلئے نلہ ملہ علاقوں میں پولیس مصروف ہے جس کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آمنگل کے سابق زیڈ پی ٹی سی آنجہانی پنتلو نائک کے قتل میں ملوث اہم سرغنہ وکرم عدالت میں حاضری کے دوران عدالت میں محفوظ کردہ اے کے 47 رائفل کے ساتھ فرار ہوگیا تھا اور پھر سے ماؤسٹ سرگرمیوں میں ملوث ہوچکا تھا ۔ حال میں پرکاشم ضلع میں پیش آئے انکاؤنٹر میں اس کے ساتھی اشوک بھارتی اور وملا ہلاک ہوئے تھے تاہم وکرم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ اُسی انکاؤنٹر میں عدالت سے غائب اے کے 47 دستیاب ہوئی تھی ۔ انھوں نے بتایا کہ وکرم کی تلاش میں نلہ ملہ علاقہ میں پولیس مصروف ہے اور قریبی دواخانوں پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔