نلگنڈہ میں 27 مئی کو ویلفرپارٹی کا دھرنا

نلگنڈہ /25 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آل انڈیا ویلفیر پارٹی نے غریب بچاؤ دیش بچاؤ مہم کا 17 تا 31 مئی اعلان کیا ۔ اس پر عمل آوری کے دوران ضلعی صدر نلگنڈہ جناب محمد یوسف نے پریس کلب میں اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اپنے انتخابی جلسوں کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ خاص طور پر اقلیتوں مسلمانوں سے کئے گئے وعدے جس میں 12 فیصد ریزرویشن کا تذکرہ تک چیف منسٹر نہیں کر رہے ہیں ۔ بہت سارے اضلاع میں شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری کی رفتار کافی سست ہے ۔ اقلیتوں کے بجٹ کے اعلان میں جتنی فراخدلی کا ثبوت دیا جاتا ہے ۔ حقیقت اس کے برعکس ہوا کرتی ہے ۔ اکثر تو بجٹ میعاد مکمل ہونے کے بعد واپس ہوجاتا ہے ۔ دنیا میں انجام پانے والے امور میں سرفہرست غیر یقینی کام میناریٹی لون کا حصول ہے ۔ سابقہ حکومتوں سے اس معاملہ میں موجودہ حکومت کی روش بھی ملتی جلتی ہے ۔ حالانکہ تلنگانہ کو لانے میں مسلم میناریٹی نے بھی بہت بڑا رول ادا کیا ہے ۔ میناریٹی لون کے حصول کے دوران بینک کے رول کا مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے آل انڈیا ویلفیر پارٹی زور دیتی ہے ۔ اہل تلنگانہ کے جو بھی مسائل ہوں گے ان تمام مسائل کو ویلفیر پارٹی حل کروانے کی جدوجہد کرے گی ۔ اس ضمن میں 27 مئی کو کلاک ٹاور سنٹر پر صبح 11 بجے دھرنا منظم کرے گی ۔ حکومت تلنگانہ کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلاکر پورا کرنے پر زور دینے کیلئے ہمارے کندھے سے کندھا ملانے کی پرزور اپیل ہے ۔ یاد رہے کہ اس موقع پر ملکی و ریاستی صدر بھی خطاب کریں گے ۔