نلگنڈہ میں نامعلوم اشرار کی شرانگیزی

نماز جمعہ سے عین قبل مسجد کی کھڑکی کو آگ لگادی گئی

نلگنڈہ /23 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نلگنڈہ مستقر میں واقع مسجد حسینی کی کھڑکی کو نامعلوم اشرار نے نماز جمعہ سے عین قبل آگ لگادی جس کی وجہ سے کھڑی کو جزوی نقصان پہونچا صدر مسجد کمیٹی جناب محمد صلاح الدین حسینی کی اطلاع کے بموجب آج تقریباً 12.30 بجے کے قریب اذان دینے کیلئے مسجد پہونچنے پر وضوخانہ کے قریب واقع اسٹور روم کی کھڑکی آگ کی لپیٹ میں تھی فوری مقامی افراد کو طلب کرتے ہوئے آگ پر قابوپالیا اور اس کی اطلاع ون ٹاون پولیس کو دی جس پر سرکل انسپکٹر روی کمار نے پولیس جمعیت کے ساتھ پہونچکر معائنہ کیا ۔ اس کی اطلاع عام ہوتے ہی مسلمانوں کی کثیر تعداد محلے میں واقع مسجد حسینیی پہونچکر شدید برہمی و ناراضگی کا اظہار کیا ۔ بلدی فلور لیڈر احمد کلیم سابقہ رکن بلدیہ خواجہ غوث محی الدین ہاشم و دیگر نے بھی پہونچکر معائنہ کیا اور ڈی ایس پی نلگنڈہ مسٹر سدھاکر کو نامعلوم اشرار کی کارستانی سے واقف کرواتے ہوئے شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی ناپاک کوشش کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ڈی ایس پی مسٹر سدھاکر نے مسجد کا معائنہ کیا اور اس میں ملوث افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت کارروائی کا تیقن دیا اور عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی خواہش کی ۔ پولیس کو چوکس کردیا پولیس ون ٹاون نے صدر کمیٹی کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ مقامی عوام نے بتایا کہ چند دنوں قبل مسجد کے قریب میں تہوار کے موقع پر ڈی جے ساؤنڈ کے ساتھ تقریب کی گئی تھی اس کی شکایت پولیس میں کی گئی لیکن تقریب منعقد کرنے والوں نے کمیٹی پر شک کیا کہ کمیٹی کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی تھی اس سے مسجد کمیٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس بنیاد پر چند نوجوانوں نے مسجد کو نقصان پہونچانے کی دھمکی دی تھی ۔ پولیس تمام زوایوں سے تحقیقات کر رہی ہے اور جلد سے جلد اشرار کو گرفتار کرنے کا تیقن دیا گیا ہے ۔