نلگنڈہ میں عرس حضرت لطف اللہ قادری ؒ کا آغاز

نلگنڈہ ۔ 27جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کی مشہور و معروف درگاہ حضرت سید شاہ لطیف اللہ قادری کی سہ روزہ عرس تقاریب کا 28جنوری بروز جمعرات بعد نمازعصر آغاز ہوگا ۔ اس خصوص میں زائرین و عقیدتمندوں کی سہولت کے تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں ‘ یہ بات متولیان درگاہ شریف نے بتائی ۔ درگاہ حضرت سید لطیف اللہ قادری واقع پہاڑگنبد اور سیڑھیوں کی مرمتی کاموں اور اسٹریٹ لائٹوں اور پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ دامن کوہ میں صاف صفائی کے انتظامات ‘ بلدیہ نلگنڈہ کی جنب سے تیزی سے کئے جارہے ہیں ۔ 28 جنوری بعد نماز عصر صندل مالی مدینہ مسجد سے برآمد ہوگا جو حسب روایت مختلف اہم شاہراہوں سے ہوتا ہوا 9بجے دامن کوہ کو پہنچے گا جہاں پر صندل مالی کا صدر عرس کمیٹی مسٹر کے وینکٹ ریڈی رکن اسمبلی نلگنڈہ ‘ مسٹر کے راج گوپال ریڈی رکن قانون ساز کونسل ‘ ضلع کلکٹر مسٹر پی ستیہ نارائنا ریڈی ‘ ضلع مہتمم پولیس مسٹر وکرم جیت دگل صدرنشین بلدیہ شریتمی بی لکشمی سرینواس نائب صدر نشین بلدیہ مسٹر بی سرینواس ریڈی خیرمقدم و استقبال کریں گے ۔ بعدازاں صندل مالی کوہ پر واقع درگاہ شریف ہپنچے گا جہاں پر متولیوں کی جانب سے مذہبی رسومات انجام دیئے جائیں گے ۔29 جنوری قبل نماز جمعہ مسجد اول تعلقداری میں جلسہ سیرت النبیؐ کا اہتمام کیا گیا ‘بعد نماز جمعہ قرآن خوانی ہوگی ‘ بعد مغرب محفل چراغاں درگاہ شریف بعد نماز عشاء دامن کوہ شمال میں واقع مسجد میں جشن فیضان اولیائے اکرام منعقد ہوگا ۔ 30جنوری رات 9.30 بجے دامن کوہ شمالی میں محفل سماع ( قوالی) کا انعقاد ہوگا ۔ متولیان درگاہ شریف جناب سید بشارت اللہ قادری ‘ جناب سید عارف اللہ قادری و دیگر کے علاوہ عرس کمیٹی نمائندوں نے عقیدتمندوں و زائرین سے کثیر تعداد میں شریک ہونے کی خواہش کی ۔ عرس تقاریب کے ایک ماہ طویل میلہ میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام بڑے پیمانے پر شریک ہوتے ہیں ۔ اس خصوص میں بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کئے جاتے ہیں ۔ عرس شریف کے موقع پر مختلف محلوں سے پنکھا جلوسوں کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جارہا ہے ۔ شہر کی تمام معروف ترین سڑکوں اور بازاروں میں بڑے جھنڈیاں لگائی گئی ہیں ۔