نلگنڈہ میں سڑک حادثہ ، 3 افراد ہلاک

نلگنڈہ ۔ /27 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد وجئے واڑہ قومی شاہراہ نمبر 65 پر واقع کوداڑ میں ہوئے سڑک حادثہ میں 3 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ۔ پولیس کے بموجب ضلع کرشنا کے موضع الوری پاڈو سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ وی گاندھی جو موٹر سیکل پر ضلع نلگنڈہ کے چیلکور منڈل کے موضع مادھوا والینی گوڑم میں رشتہ داروں کے یہاں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لئے آرہا تھا کہ کوداڑ میں واقع قومی شاہراہ نمبر 65 پر ٹھہری ہوئی لاری کو پیچھے سے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں 45 سالہ وی گاندھی ، 25 سالہ پی ہریش ، 7 سالہ لکشمی پرسنا برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ماریماں شدید زخمی ہوگئی ۔ حادثہ کی اطلاع پر کوداڑ سرکل انسپکٹر مسٹر سریدھر ریڈی نے جائے حادثہ پر پہونچکر شدید زخمی کو ایریا دواخانہ منتقل کردیا  ۔ مہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ کوداڑ منتقل کردیا گیا اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔

تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے سرحدی علاقہ میں نکسلائیٹس نے 3 گاڑیاں نذر آتش کردی
سرپور ٹاؤن۔ /27 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اور ریاست مہاراشٹرا کا سرحدی علاقہ گڈوم میں نکسلائیٹس نے ایک کنٹراکٹر کے 3 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ہے ۔ حلقہ سرپور ٹاؤن مستقر سے 5 کیلو میٹر کی دوری پر واقع تلنگانہ اور ریاست مہاراشٹرا کے درمیان اور سرحدی علاقہ گوڈم میں 26 اپریل کی شب نامعلوم افراد کی جانب سے پراتاہیتا پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کو انجام دینے والے کنٹراکٹر کے ایک پرولکین ، ایک ٹراکٹر اور ایک جے سی بی کو نذر آتش کردیا گیا اور اس جگہ عادل آباد کمیٹی کی جانب سے 4 اور 5 مئی کو بند کی اپیل کیلئے ایک لیٹر بھی اسی مقام پر چھوڑا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ملازمین واقع واردات پہنچکر حالات کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔