نلگنڈہ میں رائے دہی کیلئے تمام انتظامات مکمل

ضلع میں 12 لاکھ 94 ہزار 880 رائے دہندے : کلکٹر
نلگنڈہ ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی و ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ضلع کے 6 اسمبلی حلقوں میں جملہ 12 لاکھ 94 ہزار 880 رائے دہندوں کیلئے 1620 حق رائے دہی کے مراکز جن میں 410 حساس مراکز کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ہے، تمام مراکز کی ویب کاسٹنگ اور موبائیل ریکارڈنگ کرتے ہوئے راست ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔ یہ بات چیف الیکٹورل آفیسر و ضلع کلکٹر ضلع مہتمم پولیس مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے مشترکہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ضلع میں غیرقانونی طور پر منتقل کی جانے والی رقم تاحال 2.50 کروڑ روپئے اور 8 ہزار لیٹر شراب کو ضبط کرنے کے علاوہ 2307 افراد پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کو پرامن بنانے کیلئے ضلع میں 5 سینئر آئی پی ایس عہدیدار اور 2 جنرل عہدیداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ تمام مراکز رائے دہی پر معذورین اور خواتین، ضعیف حضرات کیلئے ریامپ کی تعمیر بھی کروایا گیا ہے۔ مرکز رائے دہی پر ڈیوی پر متعین عہدیدار کے علاوہ دیگر کسی بھی فرد کو موبائیل فونس ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر مرکز پر 15 فیصد ای وی ایم مشینوںکو محفوظ رکھا جارہا ہے تاکہ خرابی پر فوری طور پر استعمال کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 8 ہزار ملازمین جس میں بوتھ لیول آفیسر کی خدمات کو حاصل کرنے کے علاوہ پریسیڈنگ آفیسر، 3 نوڈل آفیسر کو بھی متعین کیا جارہا ہے۔ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گا۔ انہوں نے عوام سے بغیر کسی ڈر و خوف کے رائے دہی میں حصہ لینے کی اپیل کی۔