نلگنڈہ میں جلسہ تحفظ سنت و تکمیل حفظ قرآن مجید

نلگنڈہ۔/8جنوری،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس علمیہ آندھرا پردیش کے زیر اہتمام دارالعلوم نلگنڈہ میں بروز ہفتہ بعد نماز فجر تا نماز مغرب ضلع نلگنڈہ کے تمام علماء و حفاظ و ائمہ و دینی خدام کا ایک روزہ تربیتی پروگرام بعنوان تحفظ سنت بصدارت ناظم مجلس علمیہ مولانا سید اکبر مفتاحی منعقد ہوگا۔ جس میں ریاست کے ممتاز علماء کرام ردِ فتنہ غیر مقلدیت و سلفیت مقالات پیش کریں گے۔ نیز اسی موضوع پر دارالعلوم نلگنڈہ و انجمن لجنتہ الارشاد و جامعہ اسلامیہ تنویر البنات سے شائع رسالوں کی رسم اجراء بھی ہوگی۔ اسی دن شہر کے دو اہم مقامات اسٹار فنکشن ہال و ایس آر گارڈن میں خواتین کے اجتماعات بھی ہوں گے۔ بعد نماز مغرب احاطہ دارالعلوم نلگنڈہ میں 25طلبہ دارالعلوم نلگنڈہ کے تکمیل حفظ قرآن مجید و تحفظ سنت کا جلسہ عام ہوگا۔

جس میں مہمان خصوصی مولانا محمد طلحہ بھیونڈی ممبئی خلیفہ مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کا خصوصی خطاب ہوگا۔ مولانا سید احسان الدین قاسمی صدر استقبالیہ، مولانا خواجہ ضیاء الدین مظاہری نائب صدر استقبالیہ مولانا عبدالبصیر رشادی کنوینر وجملہ اراکین استقبالیہ کمیٹی و اساتذہ دارالعلوم نلگنڈہ نے موجودہ حالات کے تناظر میں جبکہ مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد کی سخت ضرورت ہے لہذا خصوصاً علماء کرام و حفاظ و ائمہ مساجد کو تربیتی پروگرام میں عوام الناس سے شرکت و استفادہ کی پرزور اپیل کی ہے۔

سپاری قاتل منا پولیس کے ساتھ مدبھیڑ میں ہلاک
گلبرگہ۔/8جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بدنام زمانہ سپاری قاتل منا چہارشنبہ کے دن روضہ پولیس اسٹیشن گلبرگہ کے قریب واقع اپنے مکان میں پولیس کے ساتھ مدبھیڑ اور فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا۔حالیہ بینک ڈکیتی معاملہ میں مہاراشٹرا پولیس اور گلبرگہ پولیس نے منا کو گرفتار کرنے کے لئے اس کے گھر پر دھاوا کیا تھا۔ منا اور پولیس کے مابین ہوئی پولیس فائرنگ میں منا شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ اسے سرکاری ہسپتال میں شریک کروایا گیا تھا جہاں وہ زخموںسے جانبر نہ ہوسکا۔گلبرگہ ڈویژن کے انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر وزیر احمد نے اس موقع پر ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ منا کی گرفتاری کے لئے گئے ہوئے دو پولیس انسپکٹرس ملیکارجن بنڈے اور پی این آئی مرلی فائرنگ میں زخمی ہوئے ہیں ۔ ملیکارجن بنڈے کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے بموجب منا گلبرگہ اور رائچور میں قتل کے دو وقعات کے علاوہ چھ دیگر معاملات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ وہ ممبئی میں انڈر گرائونڈ عناصر کیلئے کام کرنے کے علاوہ بلڈرس، تاجرین اور آٹو ڈرائیورس سے ہفتہ بھی وصول کیا کرتا تھا۔