مختلف پروگرامس میں عوام کی کثیر تعداد موجود
نلگنڈہ /7 جون (ای میل) ڈاکٹر اے اے خان میڈیکل آفیسر گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری آلہ گڑپہ ضلع نلگنڈہ و ریاستی جنرل سیکریٹری۔ تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسو سی ایشن نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کے موقع پر 2 جون تا 7 جون ریاست کے تمام اضلاع میں جشن منانے کے لئے احکامات جاری کئے گئے۔ ناگر جنا ڈگری کالج نلگنڈہ میں بھی مختلف قسم کے پروگرامس منعقد کئے گئے ہیں جہاں عوام کی کافی تعداد جمع ہورہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اے خان اور ڈاکٹر محمدیونس نظرالحق میڈیکل آفیسر گنڈالہ نے مفت یونانی طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا، جس کا مسٹر نرسیا گوڑ رکن پارلیمنٹ حلقہ بھونگیر نے افتتاح کیا اور یونانی ادویہ کی جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر مسٹر پی رویندر یم ایل سی، جی کشور رکن اسمبلی تنگاترتی، مسٹر پی ستیہ نارائن ریڈی آئی اے ایس کلکٹر و ضلع مجسٹریٹ نلگنڈہ، سید صبیح الدین فرید صدر اقلیتی سیل ٹی آر یس، یم اے عزیز (بشیر) ٹی آر یس ، بابا ضیاء سابق ڈائریکٹر اردو اکیڈیمی، ایم اے جبار انسپکٹر آڈیٹر وقف بورڈ کے علاوہ ٹی ایس میسا کے عہدہ دار انجینیئرجنید ہاشمی، ایم اے پرویز، محمد افروز انجینیئر محمد پرویز احمد خان اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس مفت طبی کیمپ میں عوام کو شام سات بجے سے رات کے گیارہ بجے تک طبی سہولت مہیا رہے گی۔ فالج، جوڑوں کا درد، کمر درد، پتھری، بواسیر، کھانسی، ذیابیطس، ہاضمہ کی خرابی جیسے امراض کے علاج کے لئے محکمہ آیوش کی جانب سے روانہ کردہ ادویات عوام کو مفت دی جائیں گی اور یہ طبی کیمپ 7 جون کو رات گیارہ بجے تک رہیگا، اس کے بعد ضرورت مند مریض کسی بھی مرض کے علاج کے لئے ایریا ہاسپٹل گولہ گوڑہ میں موجود گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری نلگنڈہ کے ڈاکٹر محمد لیاقت علی خان سینیئر میڈیکل آفیسر سے رجوع ہوکر مفت میں دوا حاصل کرسکتے ہیں۔ یہاں کے اوقات 9 بجے صبح سے دوپہر 2 بجے تک ہیں۔ یونانی علاج اور دوا حاصل کرنے کے خواہشمند فون 9848261962 پر ربط پیدا کریں۔