نلگنڈہ میں تلگودیشم دفتر پر حملہ

نلگنڈہ۔/9اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عام انتخابات میں تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہوئی مفاہمت سے ضلع میں شدید ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ کی نشست پر بی جے پی کے امیدوار کے نام کے اعلان پر حلقہ اسمبلی نلگنڈہ کے تلگودیشم قائدین و کارکنوں نے شدید برہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع پارٹی آفس میں توڑپھوڑ کی اور فرنیچر اور کمپیوٹرس کے علاوہ پارٹی آفس کے دروازوں کو بھی توڑ دیا۔ برہم پارٹی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے دو مرتبہ ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ تلگودیشم پارٹی کارکنوں نے حلقہ اسمبلی نلگنڈہ سے پارٹی کے طاقتور امیدوار کے کے بھوپال ریڈی کی تائید میں نعرے لگاتے ہوئے

ریاستی پارٹی سربراہ کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے۔ برہم کارکن تلگودیشم اور بی جے پی کی مفاہمت اور حلقہ اسمبلی نلگنڈہ کی نشست کو بی جے پی کو مختص کرنے پر شدید برہم تھے۔ کارکنوں کے جذبات اور برہمی کو دیکھتے ہوئے تلگودیشم قائد نے پارٹی سے انحراف کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی نلگنڈہ سے بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لینے کا اعلان کیا اور پرچہ نامزدگی داخل کی اور زبردست ریالی منظم کرتے ہوئے پارٹی کے خلاف نعرے بلند کئے اور بی جے پی امیدوار اور پارٹی کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔ تلگودیشم پارٹی کارکنوں نے کے بھوپال ریڈی کی تائید میں نعرے بلند کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے جان کی بازی لگانے کیلئے تیار ہیں اور ضلع میں تلگودیشم پارٹی کو انتخابات میں سبق سکھانے کیلئے کام کریں گے۔ بعد ازاں منحرف تلگودیشم قائد نے اخباری نمائندوں سے کوئی بات کرے بغیر روانہ ہوگئے۔