نلگنڈہ میں بارش سے دھان کی فصلیں تباہ

کسانوں کا دھرنا، نقصانات کی پابجائی کا مطالبہ
نلگنڈہ۔ 14 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں 2 روز سے ہورہی غیرموسمی بارش کی وجہ سے زائد از 500 ہیکٹر پر محیط فصلوں کے علاوہ آم، لیمو، اور ترکاری کے باغات کو شدید نقصان ہوا ہے۔ آئی کے پی سنٹر پر دھان کی خریدی میں تاخیر کی وجہ سنٹروں پر موجود دھان کو بھی نقصان پہنچنے پر ضلع کے بھونگیر، رامناپیٹ، سوریاپیٹ، مریال گوڑہ، سمتھان نارائن پور، چیوملا اور نکریکل اور دیگر منڈلوں میں آئی کے پی سنٹر پر موجود دھان کو شدید بارش سے متاثر ہونے پر مختلف مقامات پر کسانوں نے راستہ روکو دھرنا دیتے ہوئے احتجاج کیا۔ رامناپیٹ میں سابق رکن اسمبلی سی لنگیا نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ دھان حکومت فوری امدادی قیمتوں پر حاصل کرے اور فصلوں کو فی ایکڑ 30 ہزار روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ طوفان کی وجہ دو دنوں میں ضلع کے 50 منڈلوں میں ہوئی بارش سے جہاں فصلوں کو نقصان ہوا۔ وہیں پر تیز ہواؤں کی وجہ سے مکانات کے شیڈس اُڑ گئے اور درختوں کے گرنے کی وجہ برقی سربراہی متاثر ہونے کی شکایتیں بھی ہیں اور نشیبی علاقوں میں واقع مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوا ہے۔ قومی شاہراہ نمبر 65 حیدرآباد، وجئے واڑہ پر واقع چٹیال ریلوے مرچ کے یہاں پانی جمع ہونے پر آمدورفت متاثر ہوئی۔ ویمل پلی منڈل کے موضع راملو پینٹا میں واقع آئی کے پی سنٹر پر ہاتھ آئی فصلوں کے تباہ اور بارش سے دھان متاثر ہونے سے ہوئے نقصانات کی حکومت فوری پابجائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا۔ بھونگیر آئی کے پی سنٹر کا صدر کانگریس مسٹر بھکشمیا گوڑ اور صدر ضلع تلگو دیشم پارٹی بلیا نائیک نے دورہ کرتے ہوئے حکومت فوری متاثرہ دھان کو خریدنے کے اقدامات کرنے اور فی ایکڑ 30 ہزار روپئے کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔