ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو جناب اے کے خاں کا دورہ اور تفصیلات سے آگاہی
نلگنڈہ۔/30مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے 120اقامتی اسکولوں کو قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ تعلیمی سال کے آغاز پر 70 اقلیتی اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ضلع میں پانچ اقامتی اسکولوں کو قائم کیا جارہا ہے، آئندہ تعلیمی سال کے آغاز تک فی اسکول عمارت کیلئے 20کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے تعمیر مکمل کی جائے گی۔ یہ بات اے سی بی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس و اقلیتی اقامتی اسکولوں سوسائٹی صدر نشین جناب اے کے خاں نے اپنے دورہ نلگنڈہ کے موقع پر دیور کنڈہ، مریال گوڑہ، کوداڑ، سوریا پیٹ اور نلگنڈہ کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل قائم کئے جانے والے اسکولوں کے خانگی عمارتوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ اساتذہ و اسٹاف کے تقرر کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور آئندہ سال پختہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے 5ایکر اراضی فراہم کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کو بھی ہدایتیں دی گئی ہیں۔ جاریہ سال صرف پانچویں اور چھٹویں جماعتوں کا انگریزی میڈیم میں آغاز ہوگا جہاں پر مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مدارس میں 75فیصد اقلیتوں کو اور 25فیصد ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو نشستیں فراہم کی جائیں گی۔ صدر نشین اقامتی مدارس جناب عبدالقیوم خاں حیدرآباد سے دیورکنڈہ پہنچ کر خانگی ( کرایہ پر ) حاصل کردہ بلڈنگ کا معائنہ کیا اور ایک اقامتی مدرسہ پہونچ کر طالبات سے نیچے بیٹھ کر تفصیلات حاصل کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مریال گوڑہ میں حاصل کردہ عمارت اور مختلف مدارس پہنچ کر معائنہ کیا۔ کوداڑ اور سوریا پیٹ میں بھی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکول انگلش میڈیم واقع ایس ایل بی سی کا دورہ کیا۔ جہاں پر اسکول انتظامیہ کو درکار انفراسٹرکچر سے متعلق تفصیلات حاصل کی اور اسکول کو درپیش مسائل سے متعلق محترمہ نور جہاں شاہین سے واقفیت حاصل کی اور طالب علموں سے بات چیت کی اور بشیر باغ نلگنڈہ میں قائم گرلز اقامتی اسکول کا معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کی جہاں پر عربی تعلیم دیئے جانے پر انہوں نے اسکول انتظامیہ کی ستائش کی اور طالبات سے تفصیلات حاصل کی۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اے سی بی نے نلگنڈہ سے اپنے دیرینہ تعلقات سے ضلع نظم و نسق کو واقف کروایا اور ان یادوں کو تازہ کیا۔ اقلیتی قائد مسٹر احمد کلیم نے اسکولوں اور دیگر مسلمانوں سے متعلق مسائل سے صدرنشین کو واقف کروایا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر پی ستیہ نارائنا ریڈی، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر مٹر سرینواس، آر ڈی اوز مسرز کشن راؤ، سرینواس ریڈی ، وینکٹ چاری، ڈی ایس پیز مسٹر ایم اے رشید، سدھاکر کے علاوہ سکریٹری اقلیتی اقامتی ایجوکیشنل سوسائٹی مسٹر محمد شفیع اللہ، ڈائرکٹر اقامتی اسکولس برائے اقلیت مسٹر اعجاز احمد، ریجنل آفیسر اسکولس جناب محمد اسمعیل، ای ڈی اقلیتی فینانس کارپوریشن مسٹر سلیم باشاہ اور پنچایت راج انجینئر و دیگر موجود تھے۔