نقل نویسی کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

بھینسہ۔/4جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اس سال منعقد ہونے والے SSC امتحانات کے پیش نظر( ڈی ای او ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اکرم اللہ خاں نے ضلع عادل آباد کے مختلف ڈیویژنوں کا معائنہ کیا۔ آج دوپہر اچانک DEO عادل آباد اکرم اللہ خاں نے بھینسہ کے گورنمنٹ ہائی اسکول کا دورہ کیا اور طلباء کے تعلیمی معیار کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ خصوصاً دسویں جماعت کے طلباء وطالبات کو جو اسپیشل کلاسیس کے انعقاد کی ہدایات دی گئی تھی اں پر کسی حد تک عمل آوری ہورہی ہے۔ اس بارے میں صدر مدرس گورنمنٹ ہائی اسکول نور الدین و دیگر اساتذہ سے معلومات طلب کی اور ان کو ہدایت دی کہ منعقد ہونے والے SSC کے امتحانات میں صدفیصد نتائج کو یقینی بنائے اور نقل نویسی پر سخت کارروائی کی جائے تاکہ طلباء اپنے دم پر بغیر نقل نویسی کے صاف و شفاف طور پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کرسکیں۔

اس کے برخلاف اگر کسی بھی امتحانی مرکز پر نقل نویسی کو اپنانے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کیا انتباہ دیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکرم اللہ خاں ضلعی ایجوکیشن آفیسر عادل آباد نے بتایا کہ عادل آباد ضلع میں اس سال SSC کے جملہ 177 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں جس میں تقریباً40ہزار طلباء و طالبات حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سال ہونے والے SSC امتحانات میں نقل نویسی پر سخت پابندی عائد رہے گی۔ خصوصاً ضلع بھر کے 177 سنٹرس پر اسپیشل آفیسرس کی ڈیوٹی ڈال کر نگرانی کی جائے گی تاکہ امتحانات کو نقل نویسی سے پاک منعقد کیا جاسکے ۔انہوں نے طلباء و طالبات سے خواہش کی کہ سخت محنت کرتے ہوئے اپنے تعلیمی معیار کو بڑھائیں تاکہ والدین و اساتذہ اور اپنے مقام کا نام روشن کرسکیں۔ ڈی ای او اکرم اللہ خاں نے طلباء و طالبات کے سرپرستوں سے بھی خواہش کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی حالت پر نگرانی کریں اور محنت و لگن کے ذریعہ بہتر نتائج حاصل کروائیں۔ اس موقع پر منڈل ایجوکیشن آفیسر بھینسہ مسٹر دیانند اور گورنمنٹ ہائی اسکول بھینسہ ہیڈ ماسٹر نور الدین، عبدالرؤف، افضل خاں افسر، محمد قمر خاں، ظفر احمد خاں و دیگر اساتذہ موجود تھے۔ بعد ازاں وہ بھینسہ ڈیویژن کے کوبیر منڈل و دیگر مقامات کے معائنہ کے لئے روانہ ہوگئے۔