نقل نویسی کی روک تھام کیلئے سخت بندوبست

ورنگل میں ایس ایس سی امتحانات کے انتظامات کا جائزہ، 79مراکز کا قیام ، کلکٹر کا بیان

ہنمکنڈہ۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈی ای او آفس صوبیداری ہنمکنڈہ میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 16 مارچ سے منعقد ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کیلئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ورنگل اربن نارائن ریڈی نے کہا کہ 16 مارچ سے 3 اپریل تک صبح 9:30 بجے سے دوپہر 12:15 بجے تک دسویں جماعت کے امتحانات منعقد ہوں گے ۔ سیکنڈ لینگویج کا امتحان 12:45 تک ہوگا۔ ضلع سطح پر جملہ 1373 اسکولس سے جملہ 16,379 طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے جس میں 8772 لڑکے ہوں گے اور 7607 لڑکیاں، 361 خانگی طلبہ بھی شامل ہیں۔ امتحان کیلئے 79 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہال ٹکٹس کو متعلقہ اسکولس کو روانہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدور مدرس کی دستخط اور اسٹامپ رہنے پر ہی امتحان کیلئے اجازت دی جائے گی۔ فی الحال امتحانی مراکز کو درکار مین ایڈیشنل گراف شیٹ روانہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نقل نویسی کرنے والے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ امتحان تحریر کرنے والے طلبہ کو سنٹرس تک پہنچنے کیلئے آر ٹی سی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ دسویں جماعت کا امتحان لکھنے والوں کو بس میں فری سفر کی سہولت ہوگی۔ جس کے لئے ہال ٹکٹ بتانا ضروری ہوگا۔ تمام امتحان گاہوں کے پاس دفعہ 144 نافذ کیا جائے گا۔ امتحانی مراکز کے پاس زیراکس سنٹر ہے تو انہیں امتحان ختم ہونے تک بند رکھنے کیلئے پولیس سے خواہش کی گئی ہے۔ امتحانی سنٹر پر مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے پہنچ جائیں۔ 9:35 بجے کے بعد امتحان کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحان گاہ میں سیل فونس، کیالکولیٹرس اور دیگر الیکٹرانک اشیاء رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ امتحان میں ہال ٹکٹ کے علاوہ کوئی اور کاغذ نہیں ہونا چاہئے۔ اسکول یونیفارم پہن کے آنا منع ہے۔