نقلی ہیرے فروخت کرنے والے دھوکہ بازگرفتار

ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی ، کمشنر سٹی پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔31جنوری ( سیاست نیوز) نقلی ہیرا فروخت کرنے والے دو دھوکہ بازوں کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 41سالہ شیخ حاجی عرف الیاس ساکن صنعت نگر کو مراد نگر آصف نگر کے ساکن 52سالہ محمد اطہر صدیقی اور ساتھی 39سالہ محمد سلام خان نے دھوکہ دیتے ہوئے اس سے ایک کروڑ سے زائد رقم ہڑپ لی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے شیخ حاجی کو 25کیرٹ کا ایک ہیرا حوالے کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اصلی ہیرا ہے اور اس کی قیمت ایک کروڑ 20لاکھ روپئے ہے ۔ دھوکہ بازوں کی باتوں میں آکر حاجی نے رقم ادا کر کے ہیرا حاصل کرلیا اور اسے دوبارہ فروخت کروانے کیلئے اطہر اور سلام خان اصرار کررہا تھا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ دھوکہ بازوں نے چارمینار اتوار بازار میں 3500ہزار میں نقلی ہیرا جو سوٹ اور شیروانیوں کے بٹنس کیلئے استعمال کیا جاتا ہے خریدا تھا اور اسے اصلی ہیرا ظاہر کرتے ہوئے حاجی کو فروخت کردیا ۔ اتنا ہی نہیں دھوکہ بازوں نے ہیرا کی تصدیق کرنے والی ایک مشن پر بھی اس کا ٹسٹ کیا اور اصلی ظاہر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی رقم حاصل کرلی ۔ ہیرا نقلی ہونے کا پتہ چلنے پر حاجی نے عابڈس پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اسی دوران کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے دونوں دھوکہ بازوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن عابڈس کے حوالے کردیا ۔ گرفتار دھوکہ بازوں کے قبضہ سے ایک لاکھ 15ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی گئی ۔

لنگر حوض میں نوجوان کی مشتبہ موت
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) لنگر حوض کے علاقہ میں ایک نوجوان مشتبہ طور پر گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ لنگر حوض پولیس ذرائع کے مطابق 20 سالہ رکن الدین جو پیشہ سے کار میکانک تھا کل دوپہر میں پیش آئے مشتبہ واقع میں فوت ہوگیا ۔ رکن الدین جہاں نما علاقہ کا ساکن تھا اور لنگر حوض حدود میں واقع ایک کارخانے میں کام کرتا تھا ۔ کل دوپہر کے وقت یہ نوجوان گاڑی میں اے سی بھرنے میں مصروف تھا کہ مشتبہ انداز میں دوسری گاڑی کے نیچے آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا پولیس لنگر حوض مصروف تحقیقات ہے ۔