نقلی پولیس نے ایک شخص کو لوٹ لیا

تلاشی کے نام پر رقم لیکر رفو چکر ، سائبرآباد حدود میں دہشت
حیدرآباد /8 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس حدود میں نقلی پولیس نے پھر ایک بار دہشت مچادی ۔ ضلع نلگنڈہ کے دیورکنڈہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو تلاشی کے نام پر روک کر اس کے قبضہ سے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار روپئے کا سرقہ کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق دیورکنڈہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا شخص سرینواس جس کی عمر 44 سال بتائی گئی ہے ۔ اپنے مالک نریندر جس کے یہاں وہ کام کرتا تھا ۔ اس کے ہمراہ شہر آیا تھا ۔ یہ لوگ مرغی کا دانا خریدنے کی غرض سے حیدرآباد آئے تھے اور واپسی کے دوران ساگر رنگ روڈ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ۔ ذرائع کے مطابق سرینواس نریندر کی ہدایت پر ساگر رنگ روڈ سے ایل بی نگر کی جانب جارہا تھا کہ دو افراد جو موٹر سائیکل پر تھے اسے روک لیا اور تلاشی کے نام پر اس کے بیاگ کی تلاشی لی اور ایک نے اس کے مالک کو فون کرنے کیلئے اسے گمراہ کیا اور بیاگ سے رقم لیکر فرار ہوگئے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔