حیدرآباد 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے نقلی اشیاء تیار کرنے اور اُس کی فروخت میں ملوث 4 رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 32 لاکھ مالیتی اشیاء برآمد کرلی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر چیتنیا کمار نے کہاکہ 27 سالہ پوکھراج پروہت جس کا تعلق راجستھان سے ہے اور اُس نے گوشہ محل کے علاقہ ہندی نگر میں کرایہ پر ایک مکان حاصل کرکے گودام بنایا تھا۔ پروہت اپنے دیگر ساتھیوں مہاویر جین، گیوار رام اور دیگر کی مدد سے علاقہ چیرلہ پلی میں کھوپرے کے تیل کی مشہور کمپنیوں کے نام پر نقلی تیل تیار کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد چائے کی پتی، شیمپو اور نقلی صابن بھی تیار کرکے اُنھیں بیگم بازار کے تاجرین کو فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے نقلی اشیاء کے گوداموں پر دھاوے کرتے ہوئے وہاں سے 32 لاکھ مالیتی اشیاء برآمد کرلیا اور اُنھیں پولیس اسٹیشن بیگم بازار کے حوالے کردیا۔