پٹنہ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائد گری راج سنگھ نے آج ضلع عدالت میں نفرت انگیز تقریر مقدمہ کے سلسلہ میں خودسپردگی کردی ۔بعدازاں انہیں ضمانت پر رہائی منظوری دے دی گئی ۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ جاوید عالم کے اجلاس پر پیش ہوکر انہوں نے ضمانت کیلئے مچلکہ پیش کیا جسے قبول کرتے ہوئے ان کی ضمانت پر رہائی کی منظوری دیدی وہ ضلع عدالت کے جج ویریندر کمار کی منظور کردہ پیشگی ضمانت پر رہا کئے گئے تھے ۔ جو 25 اپریل کے مقدمہ کے سلسلہ میں منظور کی گئی تھی ۔ ضلعی انتظامیہ نے انتخابی مہم کے دوران ان پر نفرت انگیز تقریریں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور 21 اپریل کو قانون عوامی نمائندگی 1950 کے تحت ان کے خلاف ایر پورٹ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ ان کے خلاف اسی سلسلہ میں دیو گڑھ بوکارو اور پٹنہ میں تین ایف آئی آر درج ہیں۔ گذشتہ ہفتہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے بوکارو پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کے مقدمہ میں ان کی ضمانت منظور کی تھی ۔ انہو ںنے مبینہ طو رپر تینوں شہروں دیوگڑھ ،بوکارو اور پٹنہ میں نفرت انگیز تقریریں کی تھی۔