نعت شریف تسکین قلب کا ذریعہ گلدستہ نعت رسولؐ کا جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں رسم اجراء

حیدرآباد /19 اگست ( راست ) جناب زاہد علی خان مدیر روزنامہ سیاست کے بدست گولڈن جوبلی ہال احاطہ سیاست عابڈس میں مولانا محمد خلیل اللہ قریشی نقشبندی کی چوتھی کتاب ’’ گلدستہ نعت رسول ﷺ ‘‘ کی رسم اجراء عمل میں آئی ۔ اس تقریب کا آغاز حافظ محمد شفیع کی قرات ، حافظ زاہد قادری کی نعت شریف سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالواسع احمد صوفی نے انجام دئے ۔ تقریب کی سرپرستی مولانا مفتی عظیم الدین نے کی ۔ ڈاکٹر سید جہانگیر صدر شعبہ عربی ایفلو یونیورسٹی نے کہا کہ حضور ﷺ کا ذکر اونچا ہے ۔ جہاں ذکر حبیب ہوتا ہے وہاں خدا خود موجود ہوتا ہے ۔ حضور ﷺ کی محبت اصل ایمان ہے ۔ حضور ﷺ کی نعت گوئی کی محفل میں شرکت کرنا باعث ثواب ہے ۔ جہاں اللہ و رسول کا ذکر ہوتا ہے وہاں فرشتوں کا نزول ہوتا ہے ۔ قرآن و حدیث میں بے شمار مقامات پر رسول اکرم ﷺ کا تذکرہ کیا گیا ۔ مفتی محمد حسن الدین نے کہا کہ قرآن مجید از اول تا آخر نعت رسول ﷺ نظر آتا ہے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ کا تذکرہ بھی نعت ہی ہے ۔ نعت شریف تسکین قلب کا ذریعہ ہے ۔ مولانا محمد خلیل اللہ قریشی قابل تعریف ہیں جنہو ںنے تصنیف ’’ گلدستہ نعت رسول ‘‘ کو تحریر فرمائیں ۔ اس تقریب میں ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، محمد مجید اللہ خان ، مولانا صلاح الدین ، مولانا محمود شاہ ، مولانا عارف ہاشمی ، مولانا رفیق ، حافظ محمد عادل نے بھی شرکت کی ۔ مفتی محمد عظیم الدین کی دعاء پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔