نظا م آباد میں نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے احکام

ترقیاتی کاموں کیلئے عوام کی رائے کا حصول اور قواعد پر عمل آوری ناگزیر
نظام آباد : 26؍ اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کیلئے حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے نئے ماسٹر پلان کی انجام دہی کیلئے 9؍ ڈسمبر 2014ء میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے حکومت کو اس پر غور کرنے کی خواہش کی گئی تھی اورڈائریکٹر آف ٹائون اینڈ کنٹری پلاننگ کے عہدیداروں سے بھی اس خصوص میں جائزہ لینے کی خواہش کی گئی تھی ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کا ماسٹر پلان 1974 ء میں تیار کیا گیا تھا اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تحت ماسٹر پلان کی انجام دہی ناگزیر سمجھا جارہا تھا اور 2036 ء تک شہر کی آبادی 10لاکھ سے بھی سے زائد کے امکانات ظاہر کئے گئے تھے ۔ حیدرآباد اور ورنگل کے بعد نظام آباد تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے اور حیدرآباد ، ورنگل کے بعد آبادی میں بھی نظام آبادمیں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہر کا ماسٹر پلان بھی آبادی کے تناسب سے انجام دینے کی خواہش پر میونسپل اڈمنسٹریشن اربن ڈیولپمنٹ کے چیف سکریٹری اروند کمار نے اس خصوص میں احکامات جاری کرتے ہوئے نئے ماسٹر پلان کی انجام دہی سے عوام کی رائے حاصل کرنے کیلئے بھی احکامات جاری کئے گئے اور کمشنر میونسپل کارپوریشن کو اس خصوص میں احکامات جاری کرتے ہوئے عوام کی رائے حاصل کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کرنے اور آبادی ، رہائشی مکانات ، تعلیمی ادارے ، صنعتی علاقہ ، تجارتی علاقہ ، گرین زون اور ماسٹر پلان کے مطابق سڑکوں کی تعمیر پر مشتمل قواعد کی عمل آوری بھی ناگزیر سمجھا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے اجلاس میں جی او پر قرار داد منظور کرنے اور ماسٹر پلان کو انجام دیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے بھی میونسپل کارپوریشن قرار داد بھی ناگزیر ہے اور اس خصوص میں رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا نے بھی اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے اور اسی کے مطابق ماسٹر پلان کی انجام دہی ہوگی اور عوامی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی ماسٹر پلان کی تیاری کی جائے گی اور اس کیلئے اخبارات میں اعلانات بھی جاری کئے جائیں گے ۔