بودھن ۔ 11 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جنرل سکریٹری اے پی مزدور سنگھ مسٹر جی راجیا نے رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر کی جانب سے پریس کانفرنس میں نظام شوگر فیکٹری شکر نگر کے تعلق سے کئے گئے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ایک پریس نوٹ میں شکیل عامر اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس قائدین عام انتخابات سے قبل فیکٹری کو اقتدار میں آتے ہی سرکاری تحویل میں لینے کا کسانوں اور ملازمین کو تیقن دیا تھا لیکن اب ٹی آر ایس اقتدار سنبھالتے ہی اچانک اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے جاریہ سال کے سیزن 2014 – 15 کو بھی آندھرا انتظامیہ کے تحت چلانے کا رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر اعلان کرتے ہوئے اپنے انتخابی وعدے سے انحراف کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے سینئر قائدین بشمول کے سی آر موجودہ رکن پارلیمنٹ کویتا نے بھی اپنے انتخابی جلسوں میں برسرعام وعدہ کیا تھا کہ سابقہ نظام شوگر فیکٹری کی رونق واپس لائیں گے لیکن آج اچانک اپنے وعدوں سے منحرف ہو کر کسانوں اور سابقہ ملازمین کو مایوس کردیا ۔ راجیا نے ٹی آر ایس حکومت کو اپنے انتخابی وعدے پر عمل کرتے ہوئے اس سال کے سیزن کو NSF حکومت کے زیرنگرانی چلانے کا مطالبہ کیا ۔