نظام زکوٰۃ کو شفاف بنانا اور ضرورتمندوں کو تک پہنچانا ضروری

حیدرآباد زکوٰۃ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے 24 سال میں 100 کروڑ روپئے خرچ
حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) اجتماعی نظام زکوٰۃ کے ذریعہ اُمت کے کئی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے اور غریب طبقات کی ترقی کے لئے حکمت عملی کو قابل عمل بنایا جاسکتا ہے۔ جناب غیاث الدین بابو خاں صدرنشین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ و فاؤنڈیشن فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ نے آج سالانہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ نظام زکوٰۃ کو بہتر و شفاف بنانے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں تک پہنچانے کے لئے منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور اِسی مقصد کے تحت حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی مدد کرتے ہوئے اُنھیں آگے بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 برسوں کے دوران ٹرسٹ کے ذریعہ 100 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ جناب غیاث الدین بابو خاں نے کہاکہ جاریہ سال 10 کروڑ 26 لاکھ روپئے کی امداد تقسیم کی گئی ہے جس کے ذریعہ ایک لاکھ 44 ہزار 368 افراد کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ فی الحال ٹرسٹ کی جانب سے 99 اُردو میڈیم اسکولس اور 3 انگریزی میڈیم اسکولس چلائے جارہے ہیں جہاں 70 فیصد طالبات ہیں۔ اسکول ایجوکیشن پراجکٹ پر ٹرسٹ کی جانب سے ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں جس کا فائدہ 24 ہزار طلبہ کو ہورہا ہے۔ اِس موقع پر موجود مہمان خصوصی جناب حبیب خواجہ آئی اے ایس سابق سکریٹری برائے حکومت ہند نے ٹرسٹ کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جناب غیاث الدین بابو خاں کی سرپرستی میں ٹرسٹ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کسی بھی قوم کی تعلیمی صورتحال کی تبدیلی قوم کی ترقی کی ضمانت ہوتی ہے۔ جناب حبیب خواجہ نے کہاکہ اِن خدمات کے ذریعہ جناب غیاث الدین بابو خاں نے ملت اسلامیہ کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ جناب خلیل احمد ٹرسٹی حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ نے سالانہ اجلاس میں جاریہ مالی سال کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ٹرسٹ نے اِس سال 2 کروڑ 44 لاکھ روپئے کی اسکالرشپس 1433 طلبہ میں تقسیم کی ہیں۔ استفادہ کنندگان میں تلنگانہ، آندھراپردیش کے علاوہ مہاراشٹرا کے طلبہ شامل ہیں۔ اِس میں حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کے 151 طلبہ کے لئے خرچ کئے گئے ایک کروڑ 18 لاکھ روپئے بھی شامل ہیں۔ جناب خلیل احمد نے بتایا کہ ٹرسٹ کی جانب سے اِس سال 14,528 فوڈ پیاکیٹس بطور امداد تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ایک کروڑ 32 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ 3800 فطرہ پیاک اور 3528 عید کے کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ حیدرآباد زکوٰۃ چیرٹیبل ٹرسٹ کے سالانہ اجلاس میں جناب ضیاء الدین نیئر، جناب عبدالعلیم خان، مفتی محمد اعظم کے علاوہ دیگر معززین موجود تھے۔ اِس اجلاس میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں معززین شہر و مخیر حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔