نظام آباد:یکم ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جے اے سی چیرمین مسٹر گوپال شرما ، میناریٹی جے اے سی چیرمین شیخ نذیر ، کنونیر بھاسکر، محمد ماجد نے نیوز ایڈیٹرجناب عامر علی خان کے دورہ کے موقع پر ان سے ملاقات کی اور روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی 12 فیصد تحفظات کی تحریک کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جے اے سی نظام آباد کی جانب سے 5 ؍ مارچ کو لمرا گارڈن فنکشن ہال میں سدھیر کمیٹی کی رپورٹ، 12فیصد تحفظات پر ایک دانشوروں کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈارام ، منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خان کے علاوہ عادل محمد ، احمد عبدالنعیم مقیم جماعت اسلامی کورٹلہ ، الیاس جماعت اسلامی کورٹلہ ، ایم پی جے کے شیخ حسین اور نظام آباد جماعت اسلامی کے صدر احمد عبدالعظیم کے علاوہ دیگر بھی شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس روز شرکاء کو سدھیر کمیٹی کی جانب سے حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ میں مسلمانوں کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کا تفصیلی ذکر کیا ہے اور اس کی عمل آوری حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا حکومت پر دبائو ڈالتے ہوئے اس کی عمل آوری کی اور 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے مطالبہ کیا جائیگا۔ جس پر جناب عامر علی خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک کی جے اے سی کی جانب سے تائید پر اظہار تشکر کیا ۔