ناظمہ شعبہ خواتین صالحہ پروین کے ہاتھوں پوسٹر کی اجرائی
نظام آباد:30؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دینی شعور کی کمی اور قرآن و حدیث سے دوری نے معاشرہ اور سماج کو بداخلاقی بے راہ روی کی ڈگر پر لاکھڑا کیاہے ۔ اس ضمن میں گرلز اسلامک آرگنائزیشن سٹی نظام آباد کی جانب سے فروری میںمخالفین اسلام کی حیاسوز یوم عاشقان کے خلاف صحیح اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے اورطالبات میں شرم و حیاء کے احساس کو بیدار کرنے کیلئے ’ ’یوم حیاء‘‘ مہم منائی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں آج بروز جمعہ دفتر جی آئی او نظام آبادخواتین ہال نزد مسجد عرفات احمدپورہ کالونی پرمقامی سرپرست جی آئی جی و ناظمہ شعبہ خواتین محترمہ صالحہ پروین نے پوسٹرس کا رسم اجراء عمل انجام دیا۔ مقامی صدر جی آئی او نازیہ فاطمہ نے مہم کی تفصیلات بتائیںاور کہا کہ یہ مہم آج کی شدید ضرورت ہے جبکہ مسلم طالبات بھی تعلیمی اداروںکے غیر دینی ماحول میں بے شرمی کاشکار بنتی جارہی ہیں۔ گرلز اسلامک آرگنائزیشن اس مہم کے ذریعہ 26تعلیمی اداروں تک اپنی بات پہنچاچکی ہے۔ مختلف تعلیمی اداروں پر لکچرس کا اہتمام کیا جارہا ہے تحریر ی و تقریری مقابلے جات منعقد کئے جاچکے ہیں۔ جس میں طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ اس مہم کا اختتامی جلسہ عام 3؍فروری 2015ء بروز منگل بوقت صبح10-30بجے دن بمقام لمراگارڈن فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آباد پر منعقد ہوگا۔ اس جلسہ عام میں حجاب، نفس پر کنٹرول اور یوم عاشقان کی مخالفت جیسے عنوانات پر تقاریر ہونگی۔ ناظمہ خواتین جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین مذکورہ جلسہ کی صدارت انجام دیںگی۔ جی آئی او نرمل و کورٹلہ کے ذمہ داران مہمان مقررین کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔صدر جی آئی او نے شہر کی تمام خواتین و طالبات سے 3؍فروری کومنعقدہ جلسہ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی۔سکریٹری جویریہ ارم،عائشہ سمرین،سمیہ کوثرو دیگر کارکنان شریک تھیں۔