نظام آباد۔ 11 اگست ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خدام الحجاج سوسائٹی کی جانب سے نظام آباد کے عازمین حج کیلئے ایک روزہ تربیتی اجتماع بروز چہارشنبہ بتاریخ 13؍ اگست صبح 10 بجے تا نماز عصر کنگس پیالیس فنکشن ہال قلعہ روڈ پر منعقد ہوگا نیز آداب زیارت روضہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی بتائے جائیں گے ۔ یہ اجتماع حضرت شاہ الحاج حافظ محمد عبدالرشید تجمل چشتی قادری قبلہ خطیب و امام مسجد کچیان کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ اس اجتماع میں مہمان خصوصی فضیلتہ الشیخ حضرت مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری قبلہ صدر کل ہند جمعیت المشائخ حیدرآباد کا ان عنوانات پر نقشہ جات، چارٹس اور ماڈلس کے ذریعہ مفصل بیان ہوگا۔ ساتھ ہی ساتھ حضرت مولانا سید مصطفیٰ سعید قادری حیدرآباد اور حضرت الحاج مولانا حافظ محمد کریم الدین کمال صابری ڈسٹرکٹ حج ٹرینر نئے تقاضوں کے موضوع پرخطاب فرمائیں گے حضرت مولانا محمد عارف الدین چشتی قادری خطیب و امام مسجد رحمانیہ اس خصوص اجتماع کی نظامت فرمائیں گے۔ جناب الحاج شیخ اسمعیل افسر صاحب انتظامی کمیٹی خدام الحجاج سوسائٹی نے مستقر و اطراف واکناف کے عازمین حج سے شرکت کی گذارش کی ہے۔