حیدرآباد۔/9جون، ( سیاست نیوز) نظام آباد پولیس نے پانچ مسلم نوجوانوں کے روڈی شیٹس کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین جناب عابد رسول خاں نے اپنے بیان میں بتایا کہ نظام آباد Iٹاؤن پولیس اسٹیشن میں 19تا22سالہ پانچ مسلم نوجوان سید حسن، مرزا عمر احمد بیگ، شیخ جنید الدین، مرزا احمد بیگ اور سید سلمان کی فرقہ وارانہ نوعیت کی روڈی شیٹ کھولی گئی تھی جس کے خلاف نوجوانوں کے والدین نے کمیشن سے نمائندگی کی تھی اور پولیس پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کے بچوں کو پولیس نے بیجا مقدمات میں ماخوذ کرتے ہوئے روڈی شیٹ کھولی تھی۔ کمیشن نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع نظام آباد مسٹر ایس چندر شیکھر ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نوجوانوں کے خلاف کھولی گئی روڈی شیٹس کو بند کرنے سے متعلق احکامات جاری کئے تھے جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ پانچ نوجوانوں کے روڈی شیٹس بند کردیئے گئے ہیں اور نوجوانوں کی تصاویر جو پولیس اسٹیشن کے نوٹس بورڈ پر آویزاں تھیں نکال دی گئیں۔