عہدیداروں کی چشم پوشی سے عوام کی صحت کو خطرہ
نظام آباد: 29؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں واقع مسلخ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں چربی اور ہڈیوں سے تیار کیا جانے والا تیل کے کاروبار ان دنوں عروج پر ہے اور یہ تیل شہر کے ہوٹلوںاور بیکری و دیگر مقامات پر کھلے عام طور پر منتقل کیا جارہاہے اور اس تیل کو گھی میں بھی ملا کر فروخت کرنے کی شکایت بھی عام ہے۔ گذشتہ کئی دنوں سے یہ کاروبار عروج پر ہے لیکن میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اس کاروبار پر نظررکھتے ہوئے اسے ناکام بنانے کیلئے کوئی اقدام نہ کرنے پر شہریان کی جانب سے شکایت کی جارہی ہے کیونکہ ہڈیوں اور چربی کے استعمال سے عوام کی صحت پر اثر پڑنے کے امکانات ہیں۔ شہر نظام آباد میں ہر روز سینکڑوں جانوروں کوذبح کیا جاتا ہے۔ ہر روز جانوروں کی چربی اور ہڈیاں کو جمع کرتے ہوئے رات کے اوقات میں تیل تیار کرنے کی اطلاع ہے۔ شہر میں سینکڑوں ہوٹلیں اور بیکریاں ہیں اور چند ہوٹلیں اور بیکریاں اس تیل کو استعمال کرنے کی بھی شکایت عام ہے۔ رات کے اوقات میں چربی اور ہڈیوں سے تیل حاصل کرنے والوں پر نظر رکھنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی جانب سے اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے یہ کاروبار کرنے والے افراد کھلے عام طور پر تیل کو تیار کررہے ہیں ۔ میونسپل کارپوریشن اور محکمہ پبلک ہیلت اور پولیس اس پر نظر رکھتے ہوئے دھاوے کرنے کی صورت میں یہ کاروبار کو بند کیا جاسکتا ہے لیکن عہدیداروں کی جانب سے ابھی تک کوئی اقدام نہ کرنے کی وجہ سے دن بہ دن کاروبار کرنے والوں کے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں لہذا اس خصوص میں میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار فوری اقدام کرتے ہوئے کاروبار کو بند کریں اور حفظان صحت سے کھلواڑ نہ کرنے کی عوام کی جانب سے خواہش کی جارہی ہے۔