نظام آباد میں پکوان گیس صارفین کو 600 روپئے میں سیلنڈر

بودھن۔/2مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پکوان گیس استمعال کرنے والے صارفین کیلئے خوشخبری، سبسیڈی گیس سلینڈر کی قیمت میں 64 روپئے 50 پیسوں کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ضلع نظام آباد کے 5,69,156 ایل پی جی صارفین کو یک مارچ سے بجائے 665 روپیوں کے صرف 600-50 روپئے میں گیس سلینڈر فراہم کیا جائے گا۔ ماہ جنوری میں فی سلینڈر کی قیمت 753روپئے تھی لیکن ماہ فبروری کے دوران 88روپئے کمی، اس طرح دو مہینوں کے دوران فی گیس سلینڈر کی قیمت میں 152-50 کی بھاری کمی ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے۔ گیس ڈیلرس کو پہلے سے ہی ملے اشارے پر انہوں نے گزشتہ پیر 29فبروری کو اسٹاک خریدنے سے گریز کیا تھا، بیشتر گیس ڈیلرس اپنی گیس ایجنسیوں پر No-Stock کے بورڈس آویزاں کررکھے تھے۔ گیس ڈیلرس اسوسی ایشن کے صدر ایم راجیشور نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ضلع نظام آباد میں واقع 43گیس ایجنسیوں سے راست گیس سلینڈر حاصل کرنے والے صارف اصل قیمت خرید سے 18روپئے کم ادا کرتے ہوئے گیس سلینڈرس حاصل کریں۔

متاثرین میں چیکس کی تقسیم
یلاریڈی۔/2مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کھیت میں برقی موٹر آن کرنے کے دوران برقی شاک حادثہ کا شکار ہوکر فوت ہونے والے راملو کسان کے خاندان کو یلاریڈی منڈل پریشد صدر مسٹر گنگادھر ، زیڈ پی ٹی سی رکن مسٹر سامیل نے ایک لاکھ روپئے کا امدادی چیک تقسیم کیا۔ منڈل یلاریڈی کے کلیانی موضع سے تعلق رکھنے والے کسان راملو کی بیوی سجووا کو امدادی چیک ایک لاکھ روپئے کا حوالہ کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی قائدین موجود تھے۔

اردو اساتذہ کی جائیدادوں کو پُر کرنے کا مطالبہ
تانڈور۔/2مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹیچرس اسوسی ایشن ضلع رنگاریڈی کے صدر غلام دستگیر کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع رنگاریڈی میں اردو اساتذہ کی تمام مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کا ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا۔ شری رگھونندن راؤ ضلع کلکٹر نے یادداشت قبول اور ضروری احکامات کیلئے ڈی ای او ضلع رنگاریڈی شری رمیش کو ہدایت دی۔ غلام دستگیر نے بتایا کہ ضلع میں اساتدہ کی جملہ 234 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے ڈی ایس سی اور ٹیٹ امتحان کامیاب امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔