نظام آباد میں وکلاء کی ہڑتال برخواست

نظام آباد /23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع پنچایتی راج و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹرتاراکاراما راؤ نے ہفتہ کو وکلاء کے احتجاجی کیمپ پہونچ کر ہڑتال کو برخواست کروایا ۔ بعد ازاں مخاطب کرتے ہوئے مسٹر تاراکاراما راؤ نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ اسی جذبے کے تحت تلنگانہ ہائی کورٹ کا بھی قیام کیلئے کوششیں کی جائے گی ۔ لہذا وکلاء حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے احتجاج کو ختم کریں تو بہتر ہوگا ۔ انہوں نے وکلاء کے احتجاج کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ 41A سی آر پی سی کے بارے میں چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ کو قبل ازیں واقف کروایا گیا ہے۔ اس کی برخواستگی کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی اور ریاست میں کسی دھاندلی کے نظم و نسق کی انجام دہی کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔ علحدہ ہائی کورٹ کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ۔ جس کی وجہ سے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا اور اس بارے میں چیف منسٹر نے مرکزی وزیر قانون اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے نمائندگی کی ہے ۔ انہوں نے وکلاء کا آخر تک ان کا ساتھ دینے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس موقع پر راما راؤ نے وکلاء کو شربت پلاکر ہڑتال سے دستبرداری کروائی ۔