نظام آباد میں مسلم میٹرنٹی کے قیام سے ملت کا مفاد وابستہ

نظام آباد:15؍ مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)انجمن اسلامیہ نظام آبادکی جانب سے مسلم میٹرنٹی کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر بلالحاظ سیاسی وابستگی سیاسی قائدین و نمائندوں نے اجتماعی طور پر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کی تکمیل کا عزم کیا ہے ۔جبکہ انجمن اسلامیہ کی قیمتی اراضی پر موجود کرایہ داروں کے تخلیہ اور انہیں متبادل ذاتی اراضی فراہم کرنے کا سابق ڈپٹی مئیر میر مجاز علی نے پیشکش کیا ہے۔ تاکہ اس پوری اراضی پر مسلم میٹرنٹی کے علاوہ ( ملت کے دیگر ) خواتین کیلئے خود روزگار اسکیمات اور بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار پر مبنی فنی تربیتی مرکز کے طور پر تبدیل کیا جاسکے جبکہ انجمن کی موجودہ جائیداد گولڈن فنکشن ہال کو حاصل کرتے ہوئے اس پر میٹرنٹی کا قیام عمل میں لانے کیلئے کثرت آراء کا اظہار کیا گیا ۔ وہیں شہر کے مشہور تاجر پارچہ نے مستقل عمارت کی تعمیر تک اپنے مکان کو میٹرنٹی کیلئے بلامعاوضہ دینے کا پیشکش کیا اور ضروری جزوی ترمیمات کرتے ہوئے مکمل شکل میں میٹرنٹی کیلئے دینے کا پیشکش کیا۔ مسلم میٹرنٹی کے قیام کیلئے انجمن اسلامیہ کا دوسرا اجلاس آج احاطہ انجمن اسلامیہ میں منعقد ہوا ۔ جس میں تمام ہی دینی جماعتوں سے وابستہ عمائدین ، تاجرین، معززین شہر ، ڈپٹی مئیر ، کارپوریٹرس کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاسی قائدین نے شرکت کی اس موقع پر جہاں انجمن اسلامیہ کی جانب سے نظام آباد کے مسلمانوں کی دیرینہ ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے میٹرنٹی کے قیام کے فیصلہ کی ستائش کی گئی وہیں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر طرح کے تعاون کا پیشکش کیااور مختلف تجاویز و مشوروں سے نوازا گیا ۔ سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے اجلاس میں خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کی جانب سے وسیع تر جائیدادوں کا ملت کے مفاد میں استعمال کرنے کی غرض سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 28؍ فروری کو منعقدہ اجلاس میں ملت کے مخیر افراد نے جس طرح سے حوصلہ افزائی کی ہے اس اجلاس کے بعد تمام ہی ملی سیاسی سماجی تنظیموں سے وابستہ نمائندوں کو مدعو کرتے ہوئے اس سلسلہ میں وسیع مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انجمن کی یہ جائیداد یں ملت کا اثاثہ ہے جس کو سنبھالنا ہم تمام کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سراج الدین صدر انجمن نے کہا کہ انہوں نے میٹرنٹی کے قیام کو بنیادی سطح پر عمل میں لانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں انہوں نے بتایا کہ انجمن اسلامیہ کے احاطہ میں واقع فخر ملت کی سابق عمارت کی تزئین نو کے ساتھ میٹرنٹی کیلئے درکار سہولتوں سے آغاز عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ لیکن کثرت آراء سے یہ تجویز انجمن کو دی گئی کہ اس وسیع اراضی کو یونانی دواخانہ تالائن گلی مسطح کرتے ہوئے آرکیٹک کے مشورہ اور دئیے گئے نقشہ کے مطابق آئندہ 25 سال کی منصوبہ بندی کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس اراضی پر ایک پختہ عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے اور شہر نظام آباد کے مسلمانوں نے اپنے دلی جذبہ کا جس طرح اظہار کیا ہے اس سے امید ہے کہ اس دیرینہ خواب کو پورا کرنے اور عمارت کی تعمیر کیلئے درکار 4تا 5 کروڑ روپئے کا حصول نا ممکن نہیں ہے اور ہم صرف اللہ کے بھروسہ پر اس کام کا آغاز کرنا چاہتے ہیں انہوں نے بتایا کہ یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ اس عمارت کی تعمیر کیلئے دو تا تین سال کا عرصہ درکار ہوگا اس دوران انجمن کی ایک اراضی جو شادی خانہ لیز پر دی گئی ہے حاصل کرنی جائے اور اس پختہ عمارت کی تعمیر کے بعد اس میٹرنٹی نرسنگ ہوم کو چلڈرنس ہاسپٹل کیلئے رکھا جائے تاکہ قلعہ روڈ پر گنجان آبادی سے منسلک اس جائیداد سے فائدہ ہوسکے ۔ انہوں نے میٹرنٹی کے قیام کیلئے فوری طور پر معروف تاجر پارچہ سلطان برادرس کے مالک محمد عرفان کی جانب سے کی گئی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر میر مجاز علی نے کہا کہ انجمن اسلامیہ کے موجودہ دستورمیں تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ انجمن میں موجود مستحق کرایہ داروں کو انہوں نے خالی کرانے کیلئے اپنی جانب سے ذاتی طور پر 100 گز کے پلاٹس دینے کا پیشکش کیا اور کہا کہ کرایہ داروں کو خالی کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں متبادل اراضی دی جائیگی اور انہیں ہائوزنگ اسکم کے تحت 3لاکھ روپئے کا قرض بھی دلایا جائیگا۔ اجلاس میں شرکاء نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ۔سابق معاون کارپوریٹر اشفاق احمد خان نے اپنی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میٹرنٹی نرسنگ ہوم میں ایک مرتبہ نام درج کروانے کی صورت میں 9ماہ تک خاتون کا علاج کیا جاتا ہے لہذا اس کو نظر میں رکھتے ہوئے متفقہ رائے سے فیصلہ کریں۔ گولڈن فنکشن ہال ہر لحاظ سے مناسب رہے گا۔ مولانا ولی اللہ قاسمی نے میٹرنٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ کی نصرت پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کام کو فوری طور پر شروع کردینا چاہئے ۔ یہ کام بہت جلد ہی تکمیل کو پہنچ جائیگا۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اس موقع پر رفعت محمد خان، محمد عبدالشکورصدر سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی نے تجاویز پیش کی۔ جبکہ انجمن کے اراکین نائب صدر محمد عبدالقدوس ، احمد عبدالعزیز ، طارق انصاری، حامد بن غانم، سعید بن غانم، محمد عبدالجلیل، محمد توفیق خان ، سید شریف، محمد افضل الدین عہدیداران انجمن اسلامیہ کے علاوہ احمد عبدالعظیم ، یٰسین صابری ، نوید اقبال ، ایچ ایم اسماعیل، افسر خان، جمیل نواب، فہیم قریشی، عمرعبدالستار، سمیر احمد، مرزا اسحاق بیگ انجینئر، محمد نصیر الدین موظف لکچرر، محمد عامر، اشفاق احمد خان کے علاوہ کارپوریٹرس، صحافی موجود تھے۔