نظام آباد میں مستقل لوک عدالت کے قیام کے احکام

نظام آباد۔24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میں مستقل عدالت قائم کرنے کیلئے ہائی کورٹ نے احکامات جاری کئے۔ واضح رہے کہ ضلع نظام آباد میں ہرماہ کے دوسرے ہفتہ میں لوک عدالت کا قیام عمل میں لایا جارہا تھا لیکن مقدمات کی زیرالتواء تعداد کو دیکھتے ہوئے ہائی کورٹ مستقل لوک عدالت کا قیام عمل میں لایا اور مستقل لوک عدالت میں صلح کے ذریعہ کیسوں کی یکسوئی کی جائے گی اور لوک عدالت جج کی حیثیت سے سدی پیٹ کے چھٹویں عدالت کے جج نور اللہ غوری کو مقرر کیا گیا ۔
عادل آباد میں برقی شاک سے
5  افراد فوت
عادل آباد۔ 24 ستمبر (پی ٹی آئی) عادل آباد میں برقی شاک سے علیحدہ علیحدہ واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب گزشتہ رات اندرویلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں گنیش وسرجن کے دوران 3 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اوٹنور ڈی ایس پی وینکٹیشورلو نے بتایا کہ مقامی افراد نے بجائے جنریٹر کے راست برقی پول سے برقی استعمال کررہے تھے۔ گنیش وسرجن کے بعد تار جس میں برقی رو دوڑ رہی تھی، اس گاڑی پر گر پڑا جس میں یہ چار افراد سفر کررہے تھے۔ مرنے والوں کی مادوی کاشی رام (40)، کے رجنی کانت (18) اور جی سنتوش (30) کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ ایک اور واقعہ جو تال مڈو میں پیش آیا، شارٹ سرکٹ سے ایک خاتون فوت ہوگئی جبکہ ایک کسان جو اپنے کھیت میں موٹر درست کررہا تھا، برقی شاک سے فوت ہوگیا۔