نظام آباد میں مزاحیہ مشاعرہ کا انعقاد

نظام آباد /21 دسمبر (ذریعہ فیکس) مزاحیہ شاعری ہمیں کچھ دیر کے لئے ہی سہی افسردگی اور تناؤ کے ماحول سے دور کردیتی ہے۔ ہنسنا ایک فطری عمل ہے، لیکن اس کے لئے بڑے حوصلہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انسان کو قدرت کی عطا کردہ جو نعمتیں ملی ہیں، ان میں ایک حس مزاح بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب ایس اے علیم قائد تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے نظام آباد اردو پوٹس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام گولڈن فنکشن ہال پر منعقدہ مزاحیہ مشاعرہ سے قبل اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ کنوینر مشاعرہ شیخ احمد ضیاء نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور اسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جناب جلال اکبر صدر اسوسی ایشن، جناب اشفاق اصفی نائب صدر اور جناب رحیم قمر نائب معتمد نے مہمانان اور مہمان شعراء کا استقبال کیا اور تمہیدی کلمات سے نوازا۔ جناب محمد نوید اقبال قائد ٹی آر ایس نے بھی شرکاء کو مخاطب کیا اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ مزاحیہ شاعر شاداب بے دھڑک مدراسی، ٹپیکل جگتیالی، شاہد عدیلی، منور علی مختصر، سردار اثر، وحید پاشاہ قادری، تمیز احمد پرواز، شیخ احمد ضیاء، اقبال شانہ، عطا حیدرآبادی، کھٹ پٹ بھینسوی نے اپنے مزاحیہ کلام سے مشاعرہ کو زعفران زار بنایا اور سامعین کو مسلسل قہقہہ لگانے پر مجبور کیا۔ مزاحیہ مشاعروں کے نامور ناظم منور علی مختصر نے اپنی منفرد نظامت سے مشاعرہ کو یادگار بنایا۔