نظام آباد ۔21جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گیاس سلنڈر کی سربراہی میں آدھار کارڈ کو مربوط کرنے کی حکومت کی پالیسی کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ٹی آر ایس اربن انچارج بسوا لکشمی نرسیا کی قیادت میں آج مرکزی حکومت کے علامتی پتلہ کو نذر آتش کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب مرکزی یوپی اے حکومت کی جانب سے گیس سلنڈر کی سربراہی کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دئیے جانے پر گذشتہ چند دنوں سے گیاس صارفین کو ہونے والی دشواریوں کی وجہ سے کئی مشکلات پیش آرہے ہیں اور آدھار کارڈ مربوط نہ کرنے کی صورت میں گیاس کی سربراہی مسدود کردی جارہی ہے۔
جس سے عوام کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حالانکہ کے عدالت کی جانب سے آدھار کارڈ کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے احکامات جاری کئے جانے کے باوجود بھی حکومت عدالت کے فیصلہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو ہراساں کررہی ہے۔ جس پر ٹی آر ایس نے احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج ٹی آر ایس اربن انچارج بسوالکشمی نرسیا کی قیادت میں ٹی آر ایس ٹاون صدر اقلیتی فہیم قریشی ، ٹی آر ایس قائدین، اختر احمد، سید سجاد ، خلیل ، مبشر، ٹی آر ایس ٹاون صدر کشن ، روی چندر اور دیگر نے بس اسٹانڈ کے روبرو راستہ روکو احتجاج منظم کیا اور مرکزی حکومت کے علامتی پتلہ کو نذر آتش کیا۔
ٹی آر ایس کے اربن انچارج مسٹر بسوا لکشمی نرسیا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی یوپی اے حکومت عوام کو آدھار کے نام پر زبردست ہراساں کررہی ہے اور آدھار کارڈ مربوط نہ کرنے کی صورت میں گیس سلنڈر کی سربراہی کو روک رہے ہیں جس کی وجہہ سے عوام کو مجبوراً مکمل قیمت ادا کرتے ہوئے گیس حاصل کرنا پڑرہا ہے جو عوام پر زائد بوجھ عائد ہورہاہے ۔ سبسیڈی کی فراہمی کے نام پر ہراساں کررہی ہے ۔ عوام کو گیاس کے حصول کیلئے بنک اور گیاس ایجنسیوں کی چکر کاٹنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔ لہٰذا مرکزی حکومت درمیانی طبقہ کے عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے گیاس کے حصول میں آدھار کارڈ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس کے راستہ روکو کی وجہہ سے ٹرافک میں زبردست خلل پیدا ہوا۔