نظام آباد:8؍ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مختلف شعبوں میں گذشتہ20 سالوں سے عوامی خدمات بے لوث پیمانے پر انجام دی جارہی ہیں تاکہ غریب اور مستحق عوام تک اسکے ثمرات پہونچائے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار محمد عبدالقدوس کارپوریٹر ڈیویژن 21 و نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی نظام آباد نے آج صبح 8:30 بجے ای سیوا سنٹر اور یونانی دواخانہ کے روبرو لائنس آئی ہاسپٹل نظام آباد کے زیر اہتمام مفت آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خیر مقدمی خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی خدمات میں یقین رکھتے ہیں قبل ازیں عبدالقدوس نے ماہر چشم ڈاکٹر بھوجنگ ریڈی کی گلپوشی وار شالپوشی انجام دی۔ڈاکٹر بھوجنگ ریڈی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مفت آئی کیمپ میں زائد از 150 مرد و خواتین کی تشخیص کرنے کے بعد دوائیں تجویز کیں اور 15 مریضوں کو موتیا بند کے مفت آپریشن کیلئے بذریعہ دو ایمبولنس دواخانہ لائنس آئی ہاسپٹل بودھن منتقل کیا۔ جہاں مکمل سہولیات بہم پہونچائی جائیں گے۔ اس موقع پر محمد افسر خان یوتھ لیڈر ضلع کانگریس کمیٹی و ایم اے جلیل این آر آئی نے محمد عبدالقدوس کی جانب سے فری آئی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور بکثرت گلپوشی کی۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے مسرز محمد شاکر، محمد پرویز اور محمد فرحان کے علاوہ دیگر نوجوانوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔ فری کیمپ کا اختتام دوپہر 2 بجے عمل میں آیا۔ آخر میں ایم اے قدیرپروپرائیٹر تاج جویلرس نے شکریہ ادا کیا ۔