بودھن۔/3جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد مسٹر رونالڈ روس سے گزشتہ روز سہ پہر یہاں بودھن کے اپنا فنکشن ہال میں منعقدہ عہدیداروں و عوامی نمائندوں کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نظام آباد میں سرسبز و شاداب پروگرام کے تحت دو کروڑ چھتیس لاکھ پودے لگائے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی ہر گرام پنچایت کے تحت 40ہزار درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح کے مدارس سرکاری دفاتر و سڑکوں کے کنارے پودے لگانے پہلے ہی سے کھڈے کھودے جاچکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہر ایک درخت کی لمبائی کم از کم دو فٹ ہونی چاہیئے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ سوچھ بھارت اسکیم کے تحت ہر ایک گھر میں ایک انفرادی بیت الخلاء تعمیر کرنے حکومت کی جانب سے12ہزار روپئے رقم فراہم کی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو صدفیصد کامیاب بناانے دیہی عوام میں بیداری لانے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت پروگرام میں صرف تصویر کشی کی حد تک حصہ لینے کے بجائے عہدیدار اپنے اپنے تفویض کردہ علاقوں کی مکمل صفائی تک راست کاموں کی نگرانی کریں۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کردہ پروگرام آروگیہ لکشمی کو دیہی خواتین تک پہنچایا جائے اور حاملہ و زچہ خواتین کو مقوی غذا کی فراہمی کے طریقہ کار سے واقف کروانا چاہیئے اور لڑکیوں کی صحت و تندرستی کے تعلق سے انہیں ابتداء ہی سے اچھی تازہ غذائیں فراہم کرنے کے تعلق سے والدین و سرپرستوں کی رہنمائی کرنے کی ضلع کلکٹر نے دیہی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس اجلاس میں رکن اسمبلی بودھن جناب شکیل عامر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ تحصیلدار بودھن سدرشن ایم پی ڈی او ملا ریڈی ، سی پی ڈی او وینکٹ رمنماں اور چیرمین بلدیہ ایلیا منڈل صدر گنگا شنکر وائس چیرمین بلدیہ حبیب خان کے علاوہ دیہی سطح کے عہدیداروں اور سرپنچوں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔