کانگریس امیدوار کے اعلان کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کا بول بالا ختم
طاہر بن حمدان کو ٹکٹ ملنے پر رائے دہندوں میں زبردست جوش و خروش ، مسلم رائے دہندوں کے ووٹ فیصلہ کن
نظام آباد :17؍ نومبر (محمدجاوید علی ) نظام آباد ( اربن ) حلقہ سے کانگریس پارٹی کی جانب سے طاہر بن حمدان کو ٹکٹ جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کرنے کے بعد نظام آباد میں سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ٹکٹ کے جاری کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ٹکٹ کے مسئلہ کو لیکر امیدواروں میں تجسس پایا جارہا تھا کل رات سے اس بات کی افواہیں گرم تھی کہ طاہر بن حمدان کو ٹکٹ جاری کیا جارہا ہے آج صبح کانگریس ہائی کمان نے تیسری فہرست جاری کرتے ہوئے ضلع نظام آباد کے تین اسمبلی حلقہ نظام آباد ( اربن ) سے طاہر بن حمدان ، نظام آباد ( رورل ) سے ایم ایل سی ڈاکٹر بھوپت ریڈی اور بالکنڈہ سے انیل کمار سابق رکن اسمبلی کو ٹکٹ جاری کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ضلع کے 9 اسمبلی حلقوں میں کانگریس اور ٹی آرایس ، بی جے پی کے درمیان مقابلہ شروع ہوگیا ہے ، نظام آباد اربن حلقہ سے چاررخی مقابلہ کے امکانات ہیں ۔کانگریس کی جانب سے طاہر بن حمدان ،ٹی آرایس کی جانب سے بیگالہ گنیش گپتا ، بی جے پی کی جانب سے اینڈالہ لکشمی نارائنا اور شیو سینا کی جانب سے دھن پال سوریہ نارائن مقابلہ کرنے کے امکانات ہیں ۔ کانگریس کی جانب سے طاہر بن حمدان کو ٹکٹ جاری کرنے کے بعد شہر کے مسلم حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ نظام آباد میں مسلمانوں کے تقریباً90 ہزار ووٹ ہیں اور جس کسی بھی جماعت کو مسلمانوں کے ووٹ حاصل ہوں گے یہی پارٹی نظام آباد اربن سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ طاہر بن حمدان نے پہلی مرتبہ 1985 ء میں نظام آباد حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کیا تھا اور ناکامی کا سامنا کیا تھا ۔ دوسری مرتبہ 1994 ء میں بودھن حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرتے ہوئے بشیر الدین بابو خان کے ہاتھوں شکست کھائی تھی اور مسلسل کانگریس پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے ضلع کانگریس صدر کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں وہ 2014 ء میں بھی ٹکٹ کے دعویدار تھے لیکن پارٹی نے مہیش کمار گوڑ کو ٹکٹ دیا تھا اور مہیش کمار گوڑ کی کامیابی کیلئے جدوجہد کی تھی ،اس مرتبہ نظام آباد اربن حلقہ کے مسلم رائے دہندوں کی تعداد اورمسلمانوں کو مناسب نمائندگی فراہم کرنے پارٹی کے فیصلہ کی بناء پر طاہر بن حمدان کو ٹکٹ فراہم کیا گیا ۔ ٹی آرایس کے امیدوار گنیش گپتا نظام آباد اربن سے دوسری مرتبہ مقابلہ کررہے ہیں ۔اسی طرح عام آدمی پارٹی سے ڈاکٹر سراج الدین مقابلہ کررہے ہیں ۔ نظام آباد میں چار رخی مقابلہ ہوگیا ہے کل تک نظام آباد میں ٹی آرایس کا ہی بو ل بالا تھا آج صبح سے اچانک ماحول تبدیل ہوگیا ہے بی جے پی کے باغی اور کانگریس کے امیدوار کے اعلان کے بعد عوام میں بحث و مباحث کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے لیکن مسلم ووٹ ہی نظام آباد اربن میں فیصلہ کن ہے اور نظام آباد کے مسلم ووٹ بادشاہ گر کا موقف رکھتے ہیں اورمسلم ووٹوں کے ہاتھوں میں ہی امیدواروں کی تقدیر ہے۔