نظام آباد میں حج تربیتی اجتماع کا انعقاد

نظام آباد:16؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حج کی تین اقسام میں سے تمتع ایسے طریقہ حج کو کہتے ہیں جس میں ایک ہی سفر میں عمرہ اور حج دونوں ادا کرنے کی سعادت حاصل کی جاتی ہے چونکہ ایک ہی سفر میں دو عبادتیں ادا کرنے کا شرف و توفیق ملتی ہے اس لئے بطور شکرانہ حاجی پر قربانی واجب ہوجاتی ہے ۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی کی صدارت میں منعقدہ حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام ضلع نظام آباد کے عازمین حج کے پہلے تربیتی اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے مفسر قرآن مولانا مصطفیٰ مظاہری لاتور نے نے یہ بات کہی ،انہوں نے کہا کہ عمرہ اور حج کا احرام باندھنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے رجوع ہوں اور ہر عمل میں آسانی کی دعا کریں اور توفیق مانگیں۔ مولانا نے عمرہ اور حج کے تمام مناسک تفصیل سے بیان فرمائے احرام کی پابندیاں اور قدم قدم پر دعائیں یاد دلائیں۔ تلبیہ اور نیت عمرہ و حج کی مشق کروائی۔ ڈاکٹر حافظ محمد اسلم فاروقی لکچرر و صدر شعبہ اُردو گری راج کاج نے مولانا کی تربیت کے دوران احرام باندھنا، اضبطاع اور زمل کی عملی مشق کا مظاہرہ کیا اور عازمین حج کو ذہن نشین کرایا گیا مولانا نے عازمین کو تلقین کی کہ کعبتہ اللہ پر پہلی نظر پڑتے ہی اللہ اکبر لا الہ الا اللہ پڑھیں اور درود شریف پڑھ کر اپنی دعائیں مانگیں ۔ مدینہ شریف میں قیام کے دوران عازمین حج کو ادب واحترام کے ساتھ رہنے کی تلقین کی گئی آواز بلندنہ ہو اور گفتگو میں نرمی ہو ۔ لڑائی جھگڑا نہ ہو ۔ وہاں کے لوگوں کو ،چیزوں کو برا نہ کہیں ۔ مولانا مصطفیٰ مظاہری نے مسجد نبوی ؐکی تفصیلات بتاتے ہوئے سات ستونوں کی اہمیت و ناموں کی وجہ تسمیہ تفصیل سے بیان کیں اور وہاں نفل نمازوں کے اہتمام کی خواہش کی ۔ قیام کے دوران چالیس نمازیں با جماعت ادا کرنے ،درود و شریف کی کثرت اور تلاوت قرآن پاک کا نظم بنانے کی تلقین کی۔ قبل ازیں مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر حج سوسائٹی نے اپنے ابتدائی خطاب میں عازمین حج کو تلقین کی کہ وہ اپنے معاملات صحیح کرلیں ۔ دوست رشتہ داروں سے تعلقات استوار کرلیں ۔ معافی تلافی کے بعد پاک صاف ہوکر خلوص نیت اور خلوص دل کے ساتھ حج کے سفر پر روانہ ہوں ۔ جناب محمد نصیر الدین سکریٹری نے اپنے خطاب میں حج سوسائٹی کے قیام اغراض و مقاص اور پچھلے 18 سالوں میں خدمات پر روشنی ڈالی اور حج سے متعلق انتظامی اور سفری امور پر عازمین حج کو تشفی بخش معلومات فراہم کیں ۔ محمد اظہر فاروقی ، ایم اے حمید ، ایم اے قدیر ، جلیل نے عازمین میں رفیق ایس ٹی ڈی کی جانب سے تیار کردہ حج کی سی ڈیز اور حج کی کتابیں اور نقشہ جات مفت تقسیم کئے ۔ جلسہ میں مفتی نظام پوچم پاڈ، حافظ اسمعیل عارفی ، وسیم احمد خان ، محمدا فضل صدر عیدگاہ کمیٹی ، مجو سیٹھ ، محمد اختر ، فخر الدین خان ، خواجہ معین الدین ، باری الیکٹریشن ، بودھن کے ذمہ دار جناب سعداللہ ، اعجاز اینڈ اعجاز ، صحافی برادری کے اشفاق احمد خان ، مقیت فاروقی ، محمد جاوید علی ، ایم اے ماجد ،سید اسد اور دیگر نے شرکت کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ سمیع اللہ کی قرأت پاک سے ہوا ۔ سید افتخار احمد اور یو پی کے مشہور نعت گو شاعر فہیم فاخر نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مولانا مصطفیٰ مظاہری کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ بعد میں ظہرانہ ترتیب دیا گیا ۔