صورت حال کا از خود جائزہ لینے، ضلع کلکٹر سے مسلم قائدین کی خواہش
نظام آباد /21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد میںماہ رمضان میں ناقص بلدی انتظامات کچرے کی نکاسی کے اقدامات نہ کئے جانے پر مسلم قائدین نے ضلع کلکٹر کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی فنڈ کی اجرائی اور موثر انتظامات روبہ عمل لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ماہ رمضان کے خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روز کی صدارت میں اجلاس کا پرگتی بھون میں انعقاد عمل میں آیا۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے، موثر پینے کے پانی کی سربراہی، چھوٹے تاجرین کو دکانات لگانے کیلئے اجازت، برقی سربراہی اور عیدگاہوں میں انتظامات کے جائزہ کیلئے اجلاس منعقد کیا گیاتاکہ مسئلہ کی سماعت کے بعد اس کی یکسوئی کے اقدامات کئے جاسکیں۔ اس موقع پر مسلم قائدین نے ماہ رمضان کے آغاز کے باوجود شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔ سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے استفسار کیا کہ ماہ رمضان کے آغاز سے پہلے آج تک بلدی عہدیداروں نے مسلم علاقوں کا دورہ نہیں کیا شہر کے اقلیتی علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے انبار پڑے ہوئے ہیں اور اس کی نکاسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں بارش کے آغاز سے قبل D54 کنال اور اسٹروم واٹر ڈرین کی عدم صفائی کے باعث اقلیتی علاقوں سے گذرنے والی اس کنال کے اطراف گندگی کے ماحول میں زندگی گذار نے پر مجبور ہوگئے ہیں اور حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ شخصی طور پر ان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ انہیں اندازہ ہوکہ کس طرح ان علاقوں میں گندگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے ماہ رمضان میں چھوٹے تاجرین کو ہراساں نہ کرنے اور حال ہی میں انکروچمنٹس کے نام پر فٹ پاتھ تاجرین اور متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے اور ماہ رمضان میں انہیں دوبارہ اجازت دیتے ہوئے ان علاقوں میں عارضی دکانات قائم کرنے کی اجازت کا مطالبہ کیا ۔ مولانا کریم الدین کمال نے شہر میں پینے کے آلودہ پانی کی سربراہی عمل میں لانے کی شکایت کی اور اس خصوص میں اقدامات کا مطالبہ کیا۔ صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم نے دیہی علاقوں میں واقع مساجد کے روبرو برقی کی سربراہی اور برقی کھمبوں پر لائٹوں کی تنصیب اور بلاوقفہ برقی کی سربراہی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ سمیر احمد صدر ضلع اقلتیی ڈپارٹمنٹ کانگریس نے سابق میں منظورہ50لاکھ روپئے کی رقم جو مساجد کی آہکپاشی کیلئے دی گئی تھی بلدی حکام اور محکمہ مال کی جانب سے مساجد کو جاری نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گذشتہ سال کی رقم کی فوری اجرائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ عمران شہزاد ٹی آرایس نے ٹریفک کے مسئلہ میں مختلف امور کی نشاندہی کرائی جبکہ قلعہ روڈ بودھن روڈ کو بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت تک روکنے کا مطالبہ کیا۔ نوید اقبال ٹی آرایس نے کہا کہ گندگی کی صفائی سے ہم اچھے انداز میں سانس لے سکیں گے۔ حکیم محمد وجہہ اللہ نے عیدگاہوں میں مورم اندازی کی رقم کو موثر طور پر استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ حافظ لئیق خان صدر جمعیتہ العلماء نے چھوٹے تاجرین کو دکانات لگانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ شکایات کی سماعت کے بعد ضلع کلکٹر نے شہر میں صفائی کے انتظامات کو موثر بنانے کیلئے اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کو زائد ذمہ داری دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ شخصی طورپر ان مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کریں گے۔ چھوٹے تاجرین کی باز آبادکاری کیلئے پیر کو انہوں نے اجلاس طلب کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے بلدی کمشنر اور انجینئرنگ اسٹاف کو ہدایت دی کہ شہر میں صفائی اور ڈرین سے کچرے کی نکاسی کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے ضلع انتظامیہ سنجیدہ ہے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی چندر شیکھر ریڈی، جوائنٹ کلکٹر رویندرریڈی، ڈی ایس پی آنند کمار، آرڈی او کمشنر بلدیہ کے علاوہ عبدالشکور صدر سینئر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی، شیخ علی صابری، مساجد کمیٹیوں نے ذمہ داران ، محمد یٰسین صابری اور دوسروں نے شرکت کی۔