جانوروں کی آلائش کینکاسی کیلئے خصوصی گاڑیوں کا انتظام
نظام آباد:5؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مئیر میونسپل کارپوریشن نظام آباد شریمتی آکولہ سجاتا نے آج نظام آباد شہر کے عیدگاہ جدید واقع قلعہ کا دورہ کرتے ہوئے نماز عیدالاضحی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میونسپل عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عیدگاہوں میں نماز عید کے انتظامات، صاف صفائی، پانی کے نظم کے علاوہ راستوں کی صاف صفائی کو فی الفور انجام دیا جائے۔ بعدازاں مئیر آکولہ سجاتا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شہر نظام آباد کی عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ عید تمام عوام کی فلاح بہبود اور خوشی کا پیغام لائے۔ انہوں نے مسلم بھائیوں، بہنوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی فضاء کی برقراری، آپسی اتحادکے فروغ کیلئے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی اور اس امر کا اظہار کیا کہ یہ سال تمام کیلئے مسرت و خوشیوں سے معمور رہیں۔ میونسپل ہیلت آفیسر ڈاکٹر محمد سراج الدین نے اس موقع پر کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروںکے ناکارہ اشیاء کی رہائشی علاقوں سے منتقلی کیلئے موجود گاڑیوں کے علاوہ 6 زائد گاڑیاں مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریان سے اپیل کی کہ سڑکوں پر جانورکوذبح نہ کیا جائے اور کٹوائی کے بعد ناکارہ اشیاء کو سڑکوں، نالیوں میں نہ ڈالا جائے۔ اس موقع پر میونسپل ڈپٹی ای ای ایم اے رشید، اسسٹنٹ انجینئر مشتاق خان، عنایت کریم، سینٹری انسپکٹر وینکٹ رامنا کے علاوہ عیدگاہ انتظامی کمیٹی کے جنرل سکریٹری رئوف عارف،عبدالحی راحیل، محمد سعید، ایم جی محمود، اراکین و دیگر موجود تھے۔