نظام آباد میں اوقافی جائیدادوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بجٹ منظور،پوچارام سرینواس ریڈی کی تجاویز پر سکریٹری اقلیتی بہبود کا اقدام

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے ضلع نظام آباد میں 11 اوقافی جائیدادوں کی تعمیر اور مرمت اور پانچ اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کے سلسلہ میں بجٹ منظور کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے احکامات کے مطابق ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ بانسواڑہ میں 11 اوقافی جائیدادوں کی تعمیر مرمت کیلئے ایک کروڑ 60 لاکھ 60 ہزار روپئے کی منظوری اور اردو گھر شادی خانوں کی تعمیری کاموں کیلئے ایک کروڑ 21 لاکھ 50 ہزار روپئے کی اجرائی کیلئے وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے محکمہ اقلیتی بہبود کو تجاویز روانہ کی۔ ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے اوقافی جائیدادوں کیلئے گرانٹ ان ایڈ کو منظوری دی ہے۔ یہ رقم وقف بورڈ سے جاری کی جائے گی ۔ ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی حیدرآباد ایک کروڑ 21 لاکھ 50 ہزار روپئے اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کیلئے جاری کریں گے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی کو ضلع کلکٹر کی جانب سے رقم کے خرچ کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ جن 11 اوقافی اداروں کیلئے رقم جاری کی گئی تھی، ان میں قبرستان بانسواڑہ کی کمپاؤنڈر وال کیلئے 23 لاکھ 50 ہزار ، بانسواڑہ میں شاپنگ کامپلکس کی تعمیرکیلئے 35 لاکھ ، بولارام کیمپ میں عیدگاہ کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کیلئے 3.5 لاکھ ، نصراللہ آباد میں عیدگاہ کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کیلئے 18 لاکھ روپئے کی منظوری شامل ہے۔ اس کے علاوہ برکور، کوٹا گیری اور ورنی علاقوں میں بھی عیدگاہوں ، مساجد اور قبرستانوں کے کمپاؤنڈ وال کیلئے علحدہ گرانٹ ان ایڈ منظور کی گئی ہے۔ بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کے ورنی میں 3 شادی خانوں کیلئے فی کس 30 لاکھ روپئے اور پوٹا گیری میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے25 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔