نظام آباد۔17؍جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مفتی اعظم فلسطین خطیب مسجد الاقصیٰ بیت المقدس فضیلۃ الشیخ محمد احمد محمد حسین دامت برکاتہم ‘ سابق وزیر مملکت خارجہ فلسطین الشیخ عبداﷲ عبداﷲ‘ سفیر فلسطین متعینہ ہند الشیخ حسن صادق عدلی شعبان کی ہندوستان آمد کے موقع پر جناب سید وقار الدین قادری صدرنشین انڈو عرب لیگ کی صدارت میں مسلمانان ضلع نظام آباد کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یگانگت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک زبردست جلسہ عام کا 22؍جون بروز اتوار بوقت 7 بجے شام بمقام نالج پارک انٹرنیشنل اسکول کے احاطہ میں انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے کل شام نظام آباد کی ملی‘ سماجی‘ سیاسی تنظیموں کے قائدین کا ایک اجلاس اردو گھر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مولوی عبدالعزیز نے کی اس موقع پر سید نجیب علی ایڈوکیٹ و کنوینر نے تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے بتایاکہ 4ماہ قبل مفتی اعظم فلسطین کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر نظام آباد بھی پروگرام میں شامل تھا تاہم فلسطینی علاقوں کو محصور کردئیے جانے اور مفتی اعظم کو اسرائیلی حکام کی جانب سے باہر نہ نکلنے دینے کے باعث ان کا دورہ ملتوی ہوگیا تھا۔ تاہم اب مجوزہ دورہ ہند 20تا23 جون مقرر ہے اور نظام آباد بھی دورہ میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اراض فلسطین انبیاء علیہ السلام کی مقدس سرزمین ہے اور قبلہ اول اور اس سرزمین سے مسلمانوں کے ایمانی جذبات وابستہ ہیں اس مقدس سرزمین پر غاضبانہ قبضہ اور قبلہ اول کی بازیابی کیلے فلسطینی مظلوم عوام گذشتہ 7 دہوں سے مسلسل سعی و جہد میں مصروف اور اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ظلم و استبداد کا شکار ہورہے ہیں۔ ان مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یگانگت اوراسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلمانان نظام آباد کی جانب سے ایک جلسہ عام منعقد کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلا وابستگی مسلک و سیاسی جماعت عالم اسلام کی عظیم شخصیتت مفتی اعظم فلسطین کی نظام آباد میں آمد پر اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرایم این بیگ زاہد سکریٹری جماعت اسلامی ‘ عبدالرحمن داؤدی امیر مقامی جماعت اسلامی شہر نظام آباد‘ ظفر عاقل ‘ مولانا عابد قاسمی صدر ضلع حج سوسائٹی‘ مفتی شمیم قاسمی‘ انور خان صدر ضلع ویلفر پارٹی ‘ ریاض تنہا صدر ریاستی ادارہ ادب اسلامی‘ اشفاق احمد خان نائب صدر ضلع کانگریس‘ سمیر احمد صدرنشین اقلیتی سیل کانگریس ضلع نظام آباد‘ مصور حسن سکریٹری کانگریس‘ حلیم قمر‘ عمران شہزاد‘ معراج الدین ‘ شیخ علی صابری قائدین ٹی آرایس‘ منیر صدیقی سکریٹری بی جے پی مائناریٹی مورچہ‘ ایچ ایم اسماعیل قائد ٹی آرایس‘ محمد بصیر علی ڈسٹرکٹ پریسیڈنٹ ایس آئی او‘ محمد شکیل‘ محمد عبدالرفع‘ محمدمختار الدین صدر جیپ اونرس اسوسی ایشن‘ محمد عبدالستار سی ٹی برانڈ کانگریس قائد‘ محمد جمیل نواب صدر تلنگانہ آٹو اسوسی ایشن‘ محمد عبدالقدیر جمیل‘ ایم اے جلیل‘ اسد حمدان(این آر آئیز)‘ یوسف علی انصاری‘ جرنلسٹس احمد علی خان‘ قمر جرنلسٹ کے علاوہ دوسرے شامل تھے۔ اس موقع پر پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے مختلف ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں اور اجلاس میں کئی نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم کیا۔