نظام آباد /8 ستمبر ( ذریعہ فیاکس ) کتب خانے علم کا مرکز ہوتے ہیں یہاں سے علم کی اور تہذیب و تمدن کی روشنی نکلتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب ایم اے فہیم نائب صدرنشین بلدیہ نظام آباد نے اصلاح معاشرہ پبلک لائبریری متصل مسجد خلیل بودھن روڈ نظام آباد کے افتتاحی تقریب سے کیا ۔ جناب طارق انصاری اقلیتی قائد ٹی آر ایس نظام آباد نے کہا کہ کتب خانے نوجوانوں کیلئے تعلیم کا معلوماتی مراکز ہوتے ہیں ۔ جناب سعیدالدین موظف پرنسپل نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کتب خانے کے ذریعہ سے آج علم کے وسعت اور پھیلاؤ کی کوششوں کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ جناب نعیم الدین خادم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات نے کہا کہ ہمارے تعلیمی فلاحی روزگار اسکیم اور کتب خانوں کیلئے مسجد خلیل کے متولی نے متصل مسجد جگہ فراہم کی جو خوش آئند ہے ۔ اللہ تعالی انہیں اجر سے نوازے اور ان کے والدین کی مغرفت فرمائے ۔ جناب ڈاکٹر اسلم فاروقی نے بھی اظہار خیال کیا ۔ جناب عبدالماجد خان کی تلاوت سے کتب خانہ کا افتتاح عمل میں آیا ۔ ڈاکٹر حافظ اسلم فاروقی کی دعاء پر پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔ سید عثمان علی ایڈیٹر فکر جمہور ، حامد بن سعید ، عرفان اور دیگر حضرات نے شرکت کی ۔