جمعرات , دسمبر 12 2024

نظام آباد میں آج ایس آئی او کی مہا ریالی

…… تعلیم سے حکومت کی لاپرواہی ……
سرکاری و خانگی مدارس کی صورتحال تشویشناک، اردو میڈیم طلبہ و اساتذہ یکسر نظر انداز

نظام آباد :18؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد فراز احمدسٹی سکریٹری ایس آئی او، نظام آباد کی اطلاع کے بموجب اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا سٹی نظام آباد کی جانب سے چلائی جانے والی تعلیم ترقی مہم کے ضمن میں 19؍ جولائی جمعرات کو ایک مہاریالی کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جنید حفیظ صدر ایس آئی او نظام آباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ نظا م آباد کے سرکاری و خانگی مدارس کی صورتحال تشویشناک ہے ، تعلیمی ادارے بے شمار مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے طلباء کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اردو میڈیم خانگی مدارس میں گزشتہ تین سال سے نصابی کتب فراہم نہیں کیے جارہے ہیں اور طلبہ بغیر کتب کے تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ حکومت کی لاپرواہی کا واضح ثبوت ہے اس مسئلہ پر ایس آئی او کے وفد نے DEO سے ملاقات کرتے ہوئے مسئلہ کو علم میں لایا جس پر ایک ہفتہ میں ایک مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دیا گیا تھا لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نظر نہیں آتی، نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوئے کافی عرصہ گزرچکا لیکن ابھی تک طلباء کے پاس نصابی کتب موجود نہیں ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ نظام کالونی میں سرکاری اسکول کے مسئلہ پرابھی تک کوئی خاص پیشِ رفت نہیں کی گئی۔ خانگی انجینئرنگ کالجز بشمول آرکے کالج ، تھروملا کالج کے طلباء بھی کئی سالوں سے فیس ریمبرسمنٹ کے مسئلہ کا شکار ہیں ، گریجویشن مکمل ہوجانے پر بھی طلباء کوکالج انتظامیہ کی جانب سے سرٹیفیکٹ فراہم نہیں کئے جارہے ہیںجس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل خراب ہورہاہ ے۔موصوف نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اردو میڈیم کے اساتذہ کے ساتھ سال در سال نا انصافی ہوتی آرہی ہے، TRT میں روسٹر سسٹم کی وجہ سے اردو میڈیم اساتذہ کی کثیر تعداد نشستوں سے محروم ہوتی آرہی ہے جس کے خلاف احتجاج لازمی ہے اس کے علاوہ اردو و تلگو میڈیم اسکولس میں ودیا والنٹرس کے تقررات میں اساتذہ کے لئے تلگو میڈیم لازمی قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اردو میڈیم طلباء و اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے جس کا نقصان سوائے اردو میڈیم طلباء کہ کسی اور کو نہیں ہورہا ہے۔ جنید حفیظ نے مزید کہا کہ VRO امتحان کے لئے زبان اردوکو شامل نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے اردو میڈیم طلباء کے لئے رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ یہ تمام مسائل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت طلباء خاص طورپر اردو میڈیم طلباء و اساتذہ کو یکسر نظر انداز کررہی ہے، تلنگانہ میں اردو سرکاری دوسری زبان ہے لیکن اردو کے ساتھ یہ معاملہ ناقابل برداشت ہے جس پر ایس آئی او اپنا موقف واضح رکھتی ہے اور شدید احتجاج کرتی ہے، اسی ضمن میں 19 جولائی بروز جمعرات کو ایس آئی او سٹی نظام آباد کی جانب سے ایک مہا ریالی کا انعاد عمل میں لایا جارہا ہے جو صبح 11 بجے نہرو پارک سے شروع ہوگی اور کلکٹریٹ پر دھرنے کی شکل میں اختتام کو پہنچے گی۔ اس موقع پر ایس ائی او طلباء و اساتذہ سے خواہش کرتی ہے کہ وہ اس ریالی میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے ایس آئی او کا تعاون کریں اور ان مسائل کی یکسوئی کے لئے آواز اٹھانے میں ایس آئی او کا دست ِ بازو بن جائیں ، اسی کے ساتھ ایس آئی او تمام ہی طلبہ تنظیموں سے بھی گزارش کرتی ہے کہ وہ اس ریالی میں شرکت کرتے ہوئے حکومت کی تعلیم و تعلیمی اداروں کے تئیں اس لاپرواہی کے خلاف ایس آئی او کے ساتھ اپنی آواز بلند کریں۔

TOPPOPULARRECENT