نظام آباد ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات

زیڈ پی ٹی سیز کے 195 اور ایم پی ٹی سیز کے 2371 امیدوار

نظام آباد:30؍ مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد ضلع پریشد، منڈل پریشد انتخابات کے دومرحلوں میں انعقاد کیلئے الیکشن کمشنر راما کانت ریڈی نے احکامات جاری کئے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن ضلع نظام آباد کے 36 منڈلوں میں 6؍ اپریل کو رائے دہی اور 8؍ اپریل کو رائے شماری کیلئے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد 6 ؍ اپریل اور 11؍ اپریل کو رائے دہی دونوں مرحلوں میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ آج ضلع نظام آباد کے 583 ایم پی ٹی سی اور36 زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے 17؍ مارچ کو اعلامیہ جاری کرنے کے بعد 20؍مارچ تک پرچہ نامزدگی حاصل کی۔36زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے 497 نامزدگیاں داخل کی گئی تھی جانچ پڑتال اور مسترداور دستبردرای کے بعد 195 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں ۔583ایم پی ٹی سی نشستوں کیلئے جملہ 4010 نامزدگیاں وصول ہوئی تھی ۔ تمام مرحلوں کے بعد 2371 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔

ضلع پریشد، منڈل پریشد انتخابات کے بارے میں سیاسی جماعتوں نے عدالت سے رجوع ہونے پر سپریم کورٹ نے ضلع نظام آباد میں دونوں مرحلوں میں انتخابات کیلئے احکامات جاری کیا ہے پہلے مرحلہ میں 6 ؍ اپریل کو ضلع کے 18 منڈل اور بانسواڑہ، بچکندہ، بیرکور، بودھن، درپلی، ڈچپلی، جکران پلی، جکل، کوٹگیر، مدنور، نوی پیٹ، نظام ساگر، نظام آباد رورل منڈل ، پٹلم، رنجل، ماکلور،ورنی، ایڑپلی اور دوسرے مرحلہ میں11؍ اپریل کوآرمور، بالکنڈہ، بھیمگل، بھکنور، دومکنڈ، گندھاری، کاماریڈی، کمر پلی، لنگم پیٹ، ماچہ ریڈی، سرکنڈہ، مورتاڑ، ناگی ریڈی پیٹ، نندی پیٹ، سداشیو نگر، تاڑوائی، ویلپور، یلاریڈی میں رائے دہی ہوگی اور رائے شماری کی تاریخ کے بارے میں ابھی کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی جس کی وجہ سے تاریخ کا اعلان نہیں ہوسکا۔ جبکہ ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے بیالٹ پیپرس، پرنٹنگ کا مرحلہ کو مکمل کرتے ہوئے جملہ 10,500 عملے کو متعین کیا گیا ہے۔